تحقیقاتی ایجنسیوں کے دھاوے نچلی سطح کی سیاست:لالو یادو

   

بی جے پی اورسنگھ پریوار کیخلاف جنگ جاری رکھنے آر جے ڈی قائد کا عزم
پٹنہ: ریلوے میں مبینہ زمین کے عوض نوکری دینے کے اسکام کے سلسلہ میں سی بی آئی اور ای ڈی کی کارروائی کے بعد لالو پرساد یادو نے سخت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے اسے مرکزی حکومت کی نچلی سطح کی سیاست قرار دیا ہے۔اپنے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے ٹوئٹ کرتے ہوئے لالو پرساد یادو نے لکھا کہ ہم نے ایمرجنسی کا سیاہ دور بھی دیکھا ہے۔ ہم نے اس وقت بھی لڑائی لڑی تھی۔ بے بنیاد اور بدلے کی نیت سے درج کئے گئے معاملوں میں میری بیٹیوں، ننہے منے نواسوں اور حاملہ بہو کو بھاجپائی ای ڈی نے 15 گھنٹے تک بیٹھا کر رکھا۔ کیا بی جے پی اتنی نچلی سطح پر اتر کر ہم سے سیاسی لڑائی لڑے گی؟انہوں نے انتباہ دیتے ہوئے مزید لکھا کہ آر ایس ایس اور بی جے پی کے خلاف ان کی نظریاتی لڑائی رہی ہے اور رہے گی۔ ان کے سامنے انہوں نے کبھی گھٹنے نہیں ٹیکے اور ان کے خاندان اور پارٹی کا کوئی بھی شخص ان کی سیاست کے سامنے نہیں جھکے گا۔خیال رہے کہ سی بی آئی اور ای ڈی لالو پرساد یادو، ان کے اہل خانہ اور قریبی افراد کے درجنوں ٹھکانوں پر چھاپہ ماری کر رہی ہے۔ پٹنہ میں گزشتہ دنوں سابق وزیر اعلیٰ رابڑی دیوی سے بھی پوچھ تاچھ کی گئی تھی اور تیجسوی یادو کو بھی سوالوں کا سامنا کرنا پڑا۔