سفارتخانہ ہند سعودی عرب کا سرکلر جاری۔ خصوصی فلائیٹس کے حصول کی تفصیلات پیش
ریاض ۔ 17 جون (کے این واصف) سفارتخانہ ہند ریاض کے پریس سکریٹری نے ایک سرکلر جاری کیا ہے۔ اس سرکلر میں چارٹرڈ پروازوں کو حاصل کرنے کے طریقہ کار کی تفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔ واضح رہیکہ ان دنوں وندے بھارت مشن کے تحت ایک محدود تعداد میں غیرممالک میں پھنسے ہندوستانیوں کو وطن واپس لایا جارہا ہے۔ اس تخلیہ آپریشن کی ذمہ داری ایرانڈیا اٹھا رہا ہے۔ پروازوں کی تعداد میں کچھ اضافہ کی خاطر اب انڈیگو ایرلائن کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں لیکن وطن واپس جانے کے منتظر ہندوستانیوں کی جو تعداد دنیا کے مختلف ممالک میں ہے، اس کیلئے کافی نہیں کیونکہ دنیا کے تمام ممالک نے اب تک عام پروازیں بحال نہیں کی گئی ہیں۔ سفارتخانہ ہند ریاض کے جاری کردہ اس سرکلر کا مقصد یہ ہیکہ سعودی عرب کی ایسی کمپنیاں جن کے ملازمین کی بڑی تعداد کو ہندوستان واپس بھیجا جاتا ہے ایسی کمپنیاں یا ادارے چارٹرڈ فلائیٹس سے حاصل کرسکتی ہیں جس کا طریقہ کار کی تفصیلات متذکرہ سرکلر میں درج ہے۔ یہ سرکلر انڈین ایمبیسی ریاض کی ویب سائیٹ سے بھی ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔ سعودی عرب یا ہندوستان میں ایسی سماجی تنظیمیں جو یہاں پھنسے ہوئے اپنے ہم وطنوں کیلئے خصوصی پروازیں حاصل کرنا چاہتے ہیں وہ بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ دریں اثناء سعودی عرب میں مقیم پریشان حال ہندوستانیوں کیلئے بھی ایک اچھی خبر جاری کی گئی ہے۔ ایسے ہندوستانی جن کی یہاں ملازمت ختم ہوگئی ہے اور وطن واپس جانا ہے مگر پروازوں کی عدم موجودگی کی وجہ سے وطن لوٹنے سے قاصر ہیں، وہ مشکل حالات میں کھانے پینے اور رہنے کے مسائل سے دوچار ہیں یا کوئی دیگر وجوہات کی بناء پر مشکلات کا سامنا کررہے ہیں، ایسے ہندوستانی افراد کیلئے سفارتخانہ ہند ریاض، انڈین قونصلیٹ جدہ اور ہندوستانی سماجی تنظیموں نے اپنے ہم وطنوں کی مدد کیلئے بڑے پیمانے پر انتظامات کا اعلان کیا ہے۔ تمام ہندوستانی باشندے جو امداد کے اس پروگرام سے مستفید ہونا چاہتے ہیں وہ فون نمبر 0546103993 یا 0556122301 پر رابطہ کرکے تفصیلات حاصل کرسکتے ہیں۔