نظام آباد میں اساتذہ کی تہنیتی تقریب سے ضلع کلکٹر نارائن ریڈی کا خطاب ، ضلع پریشد چیرمین اور دیگر کی شرکت
نظام آباد۔2 نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)اساتذہ کا رتبہ اہمیت کی حامل ہے اور ٹیچر کے رتبہ سے زیادہ کوئی رتبہ نہیں ہوتا ان خیالات کا اظہار ضلع کلکٹر سی نارائن ریڈی نے یوم اساتذہ کے موقع پر منتخب اساتذہ کی تہنیتی تقریب سے منعقدہ اجلاس سے مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ اس اجلاس میں ضلع پریشد چیرمین وٹھل رائو ، ایم ایل سی وی جی گوڑ ، مہیلا فینانس کارپوریشن چیرمین آکولہ للیتابھی موجود تھیں ۔ واضح رہے کہ یوم اساتذہ کے موقع پر چیف منسٹر چندر شیکھر رائو کے دورہ کے باعث پروگرام کو ملتوی کیا گیا تھا اور ضلع سے 18 اساتذہ کو بیسٹ ٹیچر س کی حیثیت سے منتخب کیا گیا تھا ۔ اور ان منتخب اساتذہ کی کلکٹریٹ میں تہنیتی تقریب کا انعقاد عمل میں لایا گیا اس تقریب سے مخاطب کرتے ہوئے ضلع کلکٹر نارائن ریڈی نے کہا کہ ہر شخص کو طالب علم کے دور سے گذرنا پڑتا ہے اور یہ دور کبھی بھی بھلا نہیں پاتے اور طالب علم اعلیٰ مقام حاصل کرنے کے باوجود بھی اپنے اسکول اور اپنے اساتذہ کو کبھی بھی بھولتے نہیں ہیں کیونکہ ان کی زندگی کی بنیاد ڈالنے والے اساتذہ ہوتے ہیں ۔ ضلع کلکٹر نارائن ریڈی نے کہا کہ دیگر شعبوں سے تدریسی شعبہ بہتر شعبہ ہے اور یہ شعبہ میں دلچسپی ذمہ داری کے ساتھ کام کرنے کی صورت میں بہترین نتائج کے ساتھ ساتھ خوشی بھی حاصل ہوتی ہے۔ انہوں نے اساتذہ سے خواہش کی کہ اس عہدہ کو برقرار رکھتے ہوئے اس کے وقار کو بلند کرنے کیلئے بہترین جذبہ اور اس کیلئے ہر ٹیچر کو آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر ضلع پریشد چیرمین وٹھل رائو نے کہا کہ سماج میں کوئی بھی کسی بھی مقام پر پہنچ جائیں اس کیلئے اس میں ٹیچر کی محنت ہوتی ہے جس کی وجہ سے استاد کو بھگوان کے سمان مانا جاتا ہے ۔ سرکاری مدارس میں تعلیم حاصل کرنے والے طلباء کے روشن مستقبل کیلئے مشعل راہ بننے کی اساتذہ سے خواہش کی ۔ اس موقع پر سابق صدر جمہوریہ سروے پلی رادھا کشن کو خراج بھی پیش کیا گیا ۔ جلسہ میں مہیلا کمیشن کی چیرمین آکولہ للیتا کے علاوہ ڈی ای او درگا پرسادو دیگر بھی موجود تھے ۔