حیدرآباد۔یکم نومبر، ( سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی الحاج محمد سلیم نے منوگوڑ ضمنی چناؤ کی مہم کے آخری دن مریال گوڑہ منڈل میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ ترقی اور فلاح و بہبود کیلئے ٹی آر ایس امیدوار کو کامیاب بنائیں۔ ٹی آر ایس امیدوار کے پربھاکر ریڈی اور رکن اسمبلی بھاسکر راؤ کے علاوہ دیگر قائدین کے ہمراہ محمد سلیم نے انتخابی مرحلہ کے آخری لمحات میں گھر گھر پہنچ کر رائے دہندوں سے ملاقات کی۔ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے محمد سلیم نے کہا کہ کے سی آر کی قیادت میں ٹی آر ایس حکومت گذشتہ 8 برسوں سے عوام کی بھلائی میں مصروف ہے۔ ترقی کے معاملہ میں تلنگانہ نمبر ون ریاست بن چکی ہے جبکہ فلاح و بہبود کی اسکیمات میں تلنگانہ بی جے پی زیر اقتدار ریاستوں سے آگے ہے۔ بی جے پی ریاستوں میں بھی تلنگانہ کی طرح فلاحی اسکیمات موجود نہیں ہیں۔ انہوں نے رائے دہندوں سے کہا کہ وہ بی جے پی اور کانگریس کی مہم کا شکار ہوئے بغیر خوشحالی اور ترقی کیلئے ٹی آر ایس امیدوار کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور بی جے پی قائدین صرف انتخابات سے عین قبل عوام سے رجوع ہوتے ہیں اور الیکشن کے بعد وہ دکھائی نہیں دیتے۔ محمد سلیم نے اقلیتی رائے دہندوں سے اپیل کی کہ تلنگانہ میں سیکولرازم کی برقراری میں اہم رول ادا کرنے والے کے سی آر کے ہاتھ مضبوط کریں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 8 برسوں میں اقلیتوں کی تعلیمی ، معاشی ترقی کے لیے جو بجٹ مختص کیا گیا وہ ہندوستان میں ایک مثال ہے ۔ر