ترقی میں پیچھے رہنے والوں کو آگے لانے کی ضرورت

   

نارائن پیٹ میں یوم خواتین پروگرام سے ضلع کلکٹر کا خطاب اور ایوارڈ کی تقسیم

نارائن پیٹ ۔ ضلع کلکٹر نارائن پیٹ شریمتی ہری چندنا داسری نے خواتین اور بچوں کے محکمہ بہبود کے زیر اہتمام منعقدہ عالمی یوم خواتین تقریب میں شرکت کی اور آنگن واڑی اساتذہ ، سپروائزرس ، سی ڈی پی اوز کو مبارکباد دی جو ضلع میں خواتین اور بچوں کی بہبود اور تحفظ کیلئے کام کر رہی ہیں ۔ انہوں نے خواتین کی فلاح و بہبود کے محکمہ کے ملازمین سے کہا کہ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ان لوگوں کو سامنے لائیں جو ضلع میں کئی وجوہات کی بناء پر پیچھے رہ گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کم عمری میں شادیاں ان پر پریشانیوں کا موجب بن رہی ہیں اور یہ قانون کو نافذ کرنے کے بجائے عوامی شعور بیداری کرنے سے ممکن ہے ۔ صلع پریشد کی کمیونٹی چیرمین شریمتی جیوتی نے جو اس اجلاس میں مہمان خصوصی تھیں نے کہا کہ وہ خواتین کی ترقی ، فلاح و بہبود کے کاموں میں آگے رہیں گی ۔ ایڈیشنل کلکٹر مسٹر کے چندرا ریڈی نے کہا کہ ضلع میں آنگن واڑی کی اساتذہ کی اچھی خدمات کے باوجود بچوں کا غذائیت کا شکار ہونا ایک مسئلہ ہے ۔ انہوں نے ضلع کے تمام عوامی نمائندوں کا شکریہ ادا کیا جو ضلع کے کم وزن بچوں کو گود لینے کیلئے آگے آئیں اور انہیں غذائت سے بھرپور غذائیں مہیا کرکے تین ماہ میں معمول پر لانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ ایڈیشنل کلکٹر برائے محکمہ مال شریمتی پدماجا رانی نے کہا کہ خواتین کو بہتر تعلیم کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے ۔ انہوں نے خاص طور پر آنگن واڑی اساتذہ پر زور دیا کہ وہ اس سلسلہ میں سخت محنت کریں ۔ ڈسٹرکٹ ویلفیر آفیسر مسٹر وینوگوپال نے کہا کہ ضلع کلکٹر کی کوششوں سے نارائن پیٹ ضلع میں یتیم لڑکیوں کیلئے ایک ہاسٹل قائم کیا جاسکتا ہے۔ اجلاس کے آغاز سے قبل ضلع کلکٹر نے شمع روشن کرکے پروگرام کا آغاز کیا ۔ اجلاس کے اختتام پر خواتین کی بہبود کیلئے کام کرنے والے خواتین اور آنگن واڑی اساتدہ کو اساتذہ اور اسنات عطا کئے گئے ۔