دہشت گردی کے معاملہ میں ساری دنیا ہندوستان کے ساتھ کھڑی ہے ۔ صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب
نئی دہلی 20 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے آج کہا کہ نریندر مودی حکومت کیلئے لوک سبھا انتخابات میں واضح عوامی تائید حاصل ہوئی ہے کہ وہ 2014 میں شروع ہوئے ترقی کے سفر کو کسی رکاوٹ کے بغیر جاری رکھیں ۔ رام ناتھ کووند نے مودی حکومت کی کامیابیوں اور اس کے مقاصد پر پارلیمنٹ میں روشنی ڈالی ۔ انہوں نے پارلیمنٹ کے مشترکہ سشن سے ایک گھنٹہ طویل خطاب کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کیلئے قومی سلامتی اولین ترجیح کی حامل ہے ۔ انہوں نے سرجیکل حملوں اور پاکستان میں مقیم دہشت گرد گروپس کے خلاف فضائی حملوں کا بھی تذکرہ کیا ۔ انہوں نے تین طلاق اور نکاح حلالہ جیسے مسائل کا بھی اپنے خطاب میں تذکرہ کیا ۔ وزیر اعظم نریندرمودی ‘ نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو اور دونوں ایوان کے ارکان موجود تھے ۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات نے ہندوستانی جمہوریت کی افادیت میں اضافہ کیا ہے کیونکہ اس بار 61 کروڑ لوگوں نے اپنے ووٹ کا استعمال کیا ہے جن میں خواتین تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے ۔ صدر جمہوریہ کی تقریر حکومت وقت تیار کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ہر شہری کو با اختیار بنانا برسر اقتدار اتحاد کا مقصد ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ 2022 تک ایک نیا ہندوستان بنایا جائے جس میں کسی کے ساتھ بھی مذہب یا ذات پات کی بنیاد پر کوئی امتیاز نہ برتا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پہلی معیاد میں حکومت کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد ملک کے عوام نے اس حکومت کو دوبارہ بھاری تائید فراہم کی ہے ایسا کرتے ہوئے عوام نے 2014 میں شروع ہوئے ترقی کے سفر کو کسی رکاوٹ کے بغیر جاری رکھنے کے حق میں اپنی رائے کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے بیک وقت انتخابات کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا اور کہا کہ بارہا انتخابات سے ترقیاتی پروگراموں کی رفتار اور ان کی برقرار ی متاثر ہوتی ہے ۔ صدر جمہوریہ نے ملک کی خارجہ پالیسی کا بھی اپنی تقریر میں احاطہ کیا اور کہا کہ آج ساری دنیا جئیش محمد سربراہ مسعود اظہر کو ایک عالمی دہشت گرد قرار دینے کے معاملہ میں ہندوستان کے ساتھ کھڑی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نیا ہندوستان عالمی برادری میں اپنا اصل مقام تیزی سے حاصل کرتا جا رہا ہے ۔ انہوں نے یہ اعلان بھی کیا کہ ہندوستان 2022 میں G-20 چوٹی کانفرنس کی میزبانی بھی کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ آج ہندوستان نے ایک نیا امیج حاصل کرلیا ہے اور دوسرے ممالک کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں۔ انہوں نے 21 جون کو یوگا کا عالمی دن قرار دینے ہندوستان کی کوششوں پر عالمی برداری کی تائید کا بھی حوالہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری ماحولیاتی تبدیلی ‘ معاشی اور سائبر جرائم ‘ کرپشن اور کالے دھن کے خلاف کارروائی اور توانائی سکیوریٹی جیسے کئی مسائل پر ہندوستان کے موقف کی تائید کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مسئلہ پر آج ساری دنیا ہندوستان کے ساتھ کھڑی ہے اور جئیش محمد تنظیم کے سربراہ مسعود اظہر کو دہشت گرد قرار دیا جانا اس بات کا ثبوت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پڑوسی کو اولین ترجیح دینے ہندوستان کی جو پالیسی ہے وہ بھی یہ ظاہر کرتی ہے کہ جنوبی ایشیا کو اور علاقہ کے دیگر ممالک کو ہندوستان زیادہ ترجیح دیتا ہے ۔
