ترنمول کانگریس کے ایک اور رکن پارلیمنٹ

   

انوپم ہزاراکی بی جے پی میںشمولیت کا امکان
کولکاتہ، 10جنوری(سیاست ڈاٹ کام )ترنمول کانگریس کے ممبر پارلیمنٹ سومترا خان کی بی جے پی میں شمولیت کے ایک ہی دن بعد پارٹی کے دوسرے ممبرپارلیمنٹ جنہیں کل پارٹی سے معطل کردیا گیا تھا انوپم ہزار ا بھی بی جے میں شامل ہوسکتے ہیں۔ہزارا کے قریبی ذرائع کے مطابق جمعرات یا جمعہ کو وہ بی جے پی کی ممبر شپ حاصل کرسکتے ہیں۔دوسری جانب بھارتیہ جنتاپارٹی نے آج دعویٰ کیا ہے کہ ترنمول کانگریس کے کئی لیڈران بی جے پی میں شامل ہونا چاہتے ہیں، مگر بنگال کے موجودہ حالات میں بنگال بی جے پی کی قیادت ترنمول کانگریس کو چھوڑ کر پارٹی میں شامل ہونے والو ں کے تحفظ کے لایق نہیں ہے ۔سومترا خان کے بی جے پی میں شامل ہونے کے بعد بولپور سے ممبرپارلیمنٹ انوپم ہزارا نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ لکھا تھا کہ میں سیاسی طور پر معذور ہوچکا ہوں، مگر دیدی پرمیرا پورا یقین ہے ۔اس کے بعد ہی ترنمول کانگریس نے انہیں پارٹی سے برطرف کردیا اور ہزارا نے بھی اس پوسٹ کو ڈیلیٹ کردیا تھا۔اس کے بعد سے ہی ہزارا کے بی جے پی میں شامل ہونے کی قیاس آرائی کی جارہی ہے ۔بی جے پی کے ذرائع کے مطابق انوپم ہزارا بھی بی جے پی میں شامل ہوں گے۔