کلکتہ 21دسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) شہریت ترمیمی ایکٹ کے خلا ف ملک گیر احتجاج کے دوران اترپردیش کی راجدھانی لکھنو اور دیگر شہروں میں احتجاج کے دوران ہنگامہ آرائی، تشدد، پولس فائرنگ اور لوگوں کی اموات کے بعد ترنمول کانگریس نے کل اپنے تین رکنی وفد کو لکھنو بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ترنمول کانگریس کے ذرائع کے مطابق اس وفد کی قیادت سابق مرکزی وزیر ریلوے دنیش ترویدی کریں گے جب کہ راجیہ سبھا رکن محمد ندیم الحق اور ابیر بسواس اس وفد کا حصہ ہوں گے ۔جمعرات کو لکھنو میں احتجاج کے دوران تشدد کے واقعات رونما ہوئے تھے اس کے بعد جمعہ کی نما ز کے بعد اترپردیش کے مختلف شہروں میں احتجاج کے دوران ہنگامہ آرائیاں اور پولس فائرنگ میں 8افراد کی موت ہوگئی ہے ۔بنگال میں لا اینڈ آرڈر کے نام پر بی جے پی مسلسل ترنمول کانگریس حکومت کا گھیراؤ کررہی ہے۔ ایسی صورت میں ترنمول کانگریس نے وفد کو بھیج کر جوابی حملہ کرنا چاہتی ہے ۔