نئی دہلی: مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے مغربی بنگال میں حکمراں ترنمول کانگریس حکومت پر بنگلہ دیش سے آنے والے دراندازوں کو آدھار کارڈ اور ووٹر شناختی کارڈ جاری کرنے کا جمعرات کو الزام لگاتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اگلے سال ہونے والے اسمبلی انتخابات میں وہاں بھی بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت بنے گی اور تب ہی یہ دراندازی ختم ہوگی۔لوک سبھا میں ‘امیگریشن اینڈ فارنرز بل پر بحث کا جواب دیتے ہوئے شاہ نے کہا کہ درانداز مغربی بنگال سے آتے ہیں۔ آدھار کارڈ کون دیتا ہے ؟ ملک میں جتنے بنگلہ دیشی درانداز پکڑے گئے ہیں سب 24 پرگنہ ضلع کے رہنے والے ہیں۔ آپ آدھار کارڈ اور ووٹر کارڈ دیتے ہیں وہ ہی لے کر یہ سب پورے ملک میں جاتے ہیں۔ اگر آپ انہیں جاری کرنا چھوڑ دیں گے تو دراندازی بند ہو جائے گی۔ وزیر داخلہ کے اس بیان پر ترنمول کانگریس اور کانگریس کے ارکان نے ہنگامہ شروع کردیا۔ شاہ نے کہا کہ دہلی اسمبلی انتخابات کے دوران وہ قومی مفاد کی خاطر اس معاملے پر خاموش رہے لیکن آج وہ کھل کر کہنا چاہتے ہیں کہ یہ 450 کلومیٹر کھلی سرحد (مغربی بنگال کی) ہے ۔ وہاں سے دراندازی ہو رہی ہے ۔
جموں و کشمیر میں علیحدگی پسندی آخری سانسیں لے رہی ہے :امیت شاہ
نئی دہلی: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جموں و کشمیر کی علیحدگی پسند تنظیم حریت کانفرنس کے دو مزید گروپوںجموں و کشمیر تحریک استقلال اور جموں و کشمیر تحریک استقامت کے علیحدگی پسندی ترک کرنے اور قومی دھارے میں یقین کا اظہار کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے ۔ شاہ نے جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں یہ بات کہی۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کے دور حکومت میں علیحدگی پسندی آخری سانسیں لے رہی ہے اور اتحاد کی فتح پورے کشمیر میں گونج رہی ہے ۔
امیت شاہ کے خلاف تحریک مراعات کی خلاف ورزی کا نوٹس مسترد
نئی دہلی: راجیہ سبھا کے چیئرمین جگدیپ دھنکڑنے آج کانگریس کے چیف وہپ جے رام رمیش کی طرف سے مراعات کی خلاف ورزی کی تجویز کے نوٹس کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ وزیر داخلہ کے خلاف توہین آمیز ، بدلے کی کارروائی اور میڈیا میں بحث کے لئے ہے ۔صبح ضروری دستاویزات ایوان میں رکھے جانے کے بعد دھنکڑ نے ایوان کو بتایا کہ شاہ کے بیان سے کسی کے استحقاق کی خلاف ورزی نہیں ہوئی ہے اس لئے یہ نوٹس مسترد کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا میں کوریج حاصل کرنے کی جلد بازی میں مراعات سے متعلق ضابطے کی خلاف ورزی کی گئی ہے جو کہ افسوسناک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایوان کو اراکین کی ساکھ خراب کرنے کا پلیٹ فارم نہیں بننے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا میں نوٹس پر کافی بحث ہوئی ہے ۔ اس کی مزید تشہیر نہ کی جائے ۔ بالآخر، یہ اسپیکر یا ایوان کو فیصلہ کرنا ہے لیکن اس پر وسیع بحث ہوئی ہے ۔ ایوان کے چیئرمین نے کہا کہ میرے خیال میں کوئی خلاف ورزی نہیں ہوئی ہے ۔ سچائی کی پوری طرح پیروی کی گئی ہے ، جس کی تصدیق معزز اراکین کے پاس موجود دستاویز سے ہوتی ہے اور ایسی صورت حال میں، میں وزیر داخلہ امت شاہ کے خلاف استحقاق کے سوال سے متعلق اس نوٹس کو قبول کرنے کے لیے خود سے متفق نہیں ہو سکتا۔