بیروت 12 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ترکی کی افواج کی جانب سے ہفتہ کو شام میں کی گئی بمباری کے نتیجہ میں کم از کم 10 شامی شہری ہلاک ہوگئے ہیں۔ حقوق انسانی گروپ نے یہ بات بتائی ۔ گروپ نے کہا کہ کم از کم سات افراد سرحدی ٹاونس راس العین اور الابیاد میں شلباری اور فضائی حملوں میں ہلاک ہوئے ہیں۔ دوسرے تین افراد کرد شہر قمیشلی میں چھوٹے ہتھیاروں سے ہوئی فائرنگ میں ہلاک ہوئے ہیں۔ سرحد کے دوسری جانب بھی ایک عام شہری کی ہلاکت کی اطلاع ہے ۔ واضح رہے کہ چہارشنبہ کو ترکی کی جانب سے سرحدی ٹاونس کو نشانہ بناتے ہوئے فوجی کارروائی کا آغاز کیا تھا ۔ انسانی حقوق گروپ کا کہنا ہے کہ ترک فوج کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ اور دوسرے حملوں میں یہ عام شہری جان گنوا بیٹھے ہیں۔
شام کے الحسکہ میں کار بم دھماکہ
دمشق 12 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام ) شام کے شمال مشرقی شہر الحسکہ کی ایک جیل کے باہرسنیچر کی صبح کار بم دھماکہ ہوگیا ۔ یہ اطلاع مقامی میڈیا نے دی ہے ۔شامی ٹیلیویژن کے مطابق یہ دھماکہ جیل کے اللیلیہ علاقے کی بیرونی دیوار کے نزدیک ہوا۔ اس دھماکے میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔یہ دھماکہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب ترکی نے بدھ کو ہی شمالی شام میں کرد جنگجوؤں کی قیادت والی فوج اور اسلامک اسٹیٹ ( آئی ایس )کے خلاف حملے کرکے آپریشن پیس اسپرنگ نامی اپنی فوجی مہم کا آغاز کیاہے ۔ ترکی کا کہنا ہے کہ وہ اپنی سرحد کے قریب محفوظ علاقے بنانے کے لئے یہ حملے کر رہا ہے ترکی کے اس فوجی مہم کی عرب لیگ، یورپی یونین کے اراکین سمیت مغربی ممالک نے بھی تنقید کی ہے۔
