اظہار تشکر کے لیے ریونت ریڈی کا حلف برداری سے قبل سونیا گاندھی کے ساتھ کھلی جیپ میں چکر
حیدرآباد۔7۔ڈسمبر۔(سیاست نیوز) تشکیل تلنگانہ کے لئے تلنگانہ عوام نے مسز سونیا گاندھی کو آج لعل بہادر اسٹیڈیم میں زبردست تہنیت پیش کی گئی اوربطور اظہار تشکر چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے تقریب حلف برداری سے قبل کھلی جیپ میں عوام کے درمیان مسز سونیاگاندھی کے ساتھ چکر لگایا ۔ مسز گاندھی کے ساتھ اے ریونت ریڈی جب اسٹیڈیم میں داخل ہوئے تو ان کا چیف سیکریٹری مسز شانتی کماری نے استقبال کیا ۔ چیف منسٹر نے مسز گاندھی کو کھلی جیپ میں چلنے کے لئے کہا اور ساتھ میں مسٹر راہول گاندھی اور مسز پرینکا گاندھی کوبھی اس جیپ میں سوار ہونے کی درخواست کی جس پر راہول اور پرینکا نے انہیں اشارہ کیا کہ وہ مسز سونیا گاندھی کے ساتھ جیپ میں سوار ہوکر اسٹیڈیم کا چکر لگائیں ۔ مسز گاندھی اسٹیڈیم میں موجود تلنگانہ عوام کے درمیان پہنچ کر جذبات سے مغلوب ہوگئیں اور عوام کو ہاتھ ہلا کر اور ہاتھ جوڑ کر شکریہ ادا کر تی دیکھی گئیں۔ مسز گاندھی کے ریونت ریڈی کے ہمراہ عوام میں پہنچنے پر عوام نے پرجوش انداز میں ان کا خیر مقدم کیا اور ہاتھ ہلاتے ہوئے ان سے تشکیل تلنگانہ کے لئے اظہار تشکر کیا ۔ مسز گاندھی کی آمد پر ایل بی اسٹیڈیم کے قریب خو ب آتشبازی کی گئی ۔ 2014 میں اقتدار کی پرواہ نہ کرتے ہوئے مسز سونیا گاندھی نے تشکیل تلنگانہ کے فیصلہ کو قطعیت دی تھی اور اس کے بعد پہلی مرتبہ انہیں اس طرح عوام کے درمیان لیجایا گیا اور وہ عوام سے کافی قریب تھیں۔