بی آر ایس امیدوار صنعت نگر کو کامیاب بنانے کی اپیل
حیدرآباد ۔ 29 ۔ نومبر : ( راست ) ۔ وزیر ٹی سرینواس یادو نے ایک بیان میں حیدرآباد شہر کے ووٹروں سے اپیل کی کہ وہ کار کے نشان پر ووٹ دیں ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد ہی حیدرآباد شہر نے کافی ترقی کی ہے۔ ملک کی آزادی کو 75 سال سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے لیکن تلنگانہ کی حکومت کے ساڑھے 9 سال کے دوران چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت میں ترقیاتی اور فلاحی پروگراموں کو انجام دیا گیا ہے۔ بتایا گیا کہ لوگوں کی سہولت کے لیے سڑکوں کی توسیع اور ترقی، نئی سڑکوں، انڈر پاسس اور فلائی اوورز کی تعمیر کا کام شروع کیا گیا ہے۔ اسی طرح سابقہ حکومتوں کے دور میں جن پارکوں کو نظر انداز کیا گیا تھا انہیں بھی تیار کر کے عوام کو خوشگوار ماحول فراہم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پینے کے پانی کا مسئلہ بھی حل ہو گیا ہے۔ اس کے علاوہ امن و امان کے بنیادی انتظام، 24 گھنٹے بجلی اور حکومت کی جانب سے تعاون کی وجہ سے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی گئی ہے اور آئی ٹی سیکٹر اور صنعتیں لگائی گئی ہیں، جس سے لاکھوں لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کئے گئے مختلف ترقیاتی کاموں سے شہر حیدرآباد ایک شاندار شہر میں تبدیل ہوگیا ہے۔ اور شہر حیدرآباد کو بین الاقوامی سطح پر پہچانا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ نے پینشن، کلیانہ لکشمی اور کے سی آر کٹ جیسے فلاحی پروگراموں کے نفاذ میں بھی ملک کے لئے ایک مثال قائم کی ہے۔ شہر کے لوگوں سے درخواست ہے کہ وہ کار کے نشان کو ووٹ دیں ۔
اور 30 نومبر کو ہونے والے انتخابات میں بی آر ایس پارٹی کی حمایت کریں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر تلنگانہ حکومت دوبارہ اقتدار میں آتی ہے تو مزید پروگرام شروع کئے جائیں گے۔