اسمبلی میں ایم گوپی ناتھ، کونسل میں سابق ایم ایل سی ایم رنگاریڈی کو خراج پیش کیا گیا
حیدرآباد 30 اگست (سیاست نیوز) اسمبلی اور کونسل میں تعزیتی قرارداد کی منظوری کے بعد دونوں ایوانوں کو اتوار تک کیلئے اجلاس ملتوی کردیا گیا۔ آج جیسے ہی اسمبلی کا اجلاس کا آغاز ہوا، چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اسپیکر اسمبلی جی پرساد کمار سے منظوری لے کر اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز کے رکن اسمبلی ایم گوپی ناتھ کے انتقال پر تعزیتی قرارداد پیش کی۔ اس موقع پر خطاب میں ریونت ریڈی نے کہا کہ طالب علمی کے دور سے گوپی ناتھ ریڈی عوامی خدمات میں سرگرم رہا کرتے تھے ۔ 1983 میں تلگودیشم میں شامل ہوکر گوپی ناتھ ریڈی نے سیاسی سفر کا آغاز کیا۔ 1985 تا 1992ء متحدہ آندھراپردیش تلگو یووتا صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دی۔ 1987ء تا 1988ء تک حیدرآباد اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی ڈائرکٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ اسکے علاوہ ضلع کنزیومر فورم کے رکن بھی تھے۔ گوپی ناتھ این ٹی آر کے کٹر حامی تھے۔ انہوں نے بطور پروڈیوسر چار فلموں پاتابستی (1995) راون (2000) بھدرادری راموڈو (2004) ناسٹائل ویرو 2009 کو پروڈیوس کیا۔ سیاست سے بالاتر ہوکر گوپی ناتھ میرے اچھے دوست تھے۔ مسلسل تیسری مرتبہ اسمبلی کیلئے منتخب ہونے والوں میں گوپی ناتھ کا شمار تھا۔ وہ عوامی قائد تھے جس سے ہم محروم ہوگئے ہیں۔ وزراء سریدھر بابو، پونم پربھاکر، ناگیشور راؤ و بی آر ایس ارکان اسمبلی کے ٹی آر، وی پرشانت ریڈی، ٹی سرینواس یادو، کے پی ویویکانند، ایم گوپال، کے وینکٹیش، سی پی آئی رکن اسمبلی کے سامباشیو راؤ نے گوپی ناتھ کو خراج عقیدت پیش کیا اور قرارداد کی تائید کی جس کے بعد دومنٹ کی خاموشی منائی گئی جس کے بعد اسمبلی کی کارروائی 31 مارچ کو صبح 9 بجے تک ملتوی کردی گئی۔ تلنگانہ قانون ساز کونسل میں وزیر ڈی سریدھر بابو نے سابق ایم ایل سی ایم رنگاریڈی کے انتقال پر تعزیتی قرارداد پیش کی جس کے بعد اسپیکر جی پرساد کمار، صدرنشین کونسل جی سکھیندر ریڈی نے اسمبلی اور کونسل کو کل تک کیلئے ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔2