بچکنڈہ میں سیاست کوئسچن بنک کی تقسیم، سابق رکن اسمبلی ہنمنت شنڈے و دیگر کا خطاب
بچکنڈہ۔/16 ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بچکنڈہ گورنمنٹ اردو میڈیم ہائی اسکول میں ادارہ سیاست کی جانب سے تلگو ایس ایس سی کوئسچن بنک کی تقسیم عمل میں آئی جس میں مہمان خصوصی حلقہ اسمبلی جکل کے بی آر ایس سابق رکن اسمبلی ہنمنت شنڈے ، سابق مارکٹ کمیٹی چیرمین راجو، بی آر ایس پارٹی منڈل صدر وینکٹ راؤ دیشائی ، جناب کلیم پٹیل بی آر ایس سینئر قائد، مولانا عبدالعلیم فاروقی، شیخ حسین اردو میڈیم ہائی اسکول چیرمین نے شرکت کی۔ اس موقع پر ہنمنت شنڈے نے خطاب کرتے ہوئے روز نامہ سیاست کی تعلیمی رہنمائی اور فلاحی خدمات کو قابل تقلید قرار دیا ۔ انہوں نمائندہ سیاست بچکنڈہ حافظ شیخ محسن کی ستائش کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی جن کی کاوشوں سے ہر سال طلباء و طالبات کے لئے ادارہ سیاست کی جانب سے کوئسچن بنک فراہم کیا جارہا ہے ۔یہ طلباء و طالبات کیلئے کافی کارآمد ثابت ہوسکتی ہے اس سے بھرپور استفادہ کرنے کی طلباء و طالبات سے خواہش ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم زندگی کا اہم زیور ہے سرمایہ ہے ، تعلیم کے بغیر زندگی ادھوری ہے۔ جناب کلیم پٹیل نے دہم جماعت کے طلباء و طالبات سے کہا کہ محنت و جستجو سے تعلیم حاصل کریں۔ ایس ایس سی کے بعد تعلیم کو ترک نہ کریں ، اعلیٰ تعلیم حاصل کریں۔ مولانا عبدالعلیم فاروقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ سیاست ہمیشہ دیگر اداروں سے دو قدم آگے رہتا ہے ، ادارہ سیاست اخبار نہیں ایک تحریک بن چکا ہے ، ادارہ سیاست کی جانب سے تعلیم ہی نہیں بلکہ کئی فلاحی خدمات کئے جارہے ہیں۔ مولانا نے طلباء و طالبات کو زرین مشوروں سے نوازا، موبائیل فون سے اجتناب کرنے کی تلقین کی، موبائیل فون کا بیجا استعمال انسان کیلئے نقصاندہ ثابت ہوسکتا ہے، دسویں جماعت کی تعلیم کے بعد آگے کی تعلیم کو جاری رکھیں کسی اچھے مدارس سے رابطہ پیدا کرتے ہوئے دینی علم کے ماحول سے جڑ جائیں ورنہ تباہی و بربادی کا ذریعہ بن سکتا ہے۔ اسکول چیرمین شیخ حسین نے کافی خوشی و مسرت کا اظہار کرتے ہوئے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ مہمانوں کی شال پوشی کی گئی، نظامت جناب اعجاز نے کی۔ اس موقع پر شیخ مسعود، عبدالمقیت مدینہ مسجد صدر سید یوسف چاوش، سید لائق ، محمد علاء الدین ، حلیم النساء، نسیمہ،تلگو میڈم، شفقت میڈم کے علاوہ طلباء و طالبات موجود تھے۔