تعلیم یافتہ نوجوانوں کو سیاست میں آنا چاہیئے : مانک ساہا

   

اگرتلہ، 18 جون (یواین آئی): تریپورہ کے وزیراعلیٰ ڈاکٹر مانک ساہا نے تعلیم یافتہ نوجوانوں سے سیاست میں شامل ہونے کی اپیل کی ہے تاکہ وہ ملک کے مفاد میں کام کر سکیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ آج بھی اچھے اور باصلاحیت طلبا سیاست سے دور رہتے ہیں، جبکہ وزیراعظم چاہتے ہیں کہ ملک کی بھلائی کے لیے ایسے لوگ سیاست میں آئیں۔ڈاکٹر ساہا نے کہاکہ اگر باصلاحیت طلبا اپنے علم اور عقل کا صحیح استعمال کریں تو معاشرے اور ملک کی ترقی ممکن ہے ۔ والدین اکثر بچوں کو سیاست سے دور رکھتے ہیں اور اچھی نوکری کی طرف لے جاتے ہیں، جو درست اشارہ نہیں ہے ۔انہوں نے کہاکہ یہ سچ ہے کہ تمام باصلاحیت لوگ سیاست میں نہیں آئیں گے ، لیکن کچھ لوگ جو سماجی خدمت اورملک کی تعمیر میں دلچسپی رکھتے ہیں، انہیں موقع ملنا چاہیے ۔ صرف امتحان میں اچھے نمبر لانا زندگی میں کامیابی کی گارنٹی نہیں ہے ۔وزیراعلیٰ نے بتایا کہ ریاستی حکومت کا تعلیمی شعبہ معیاری تعلیم فراہم کرنے کی کوشش کر رہا ہے ۔ تریپورہ کے بچوں میں صلاحیت کی کوئی کمی نہیں ہے ، بس انہیں صحیح پلیٹ فارم کی ضرورت ہے ، جو حکومت فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔