تعلیم، صحت اور زراعت حکومت کی ترجیحات : سریدھر بابو

   

اسکولوں میں بنیادی انفرااسٹرکچر کی فراہمی اور داخلوں میں اضافے کی ہدایت
حیدرآباد۔ 22 جون (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈی سریدھر بابو نے کہا کہ تلنگانہ ملک کی نمبر ون ریاست بن چکی ہے جہاں فلاحی اسکیمات پر موثر عمل کیا جارہا ہے۔ کریم نگر ضلع میں ریاستی وزراء ٹی ناگیشور راؤ اور پونم پربھاکر کے ہمراہ سریدھر بابو نے مختلف ترقیاتی اسکیمات کا آغاز کیا۔ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا گیا جس میں اسکیمات کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔سریدھر بابو نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح تعلیم، صحت اور زراعت ہے۔ ضلع کلکٹرس کی ذمہ داری ہے کہ وہ اسکیمات پر موثر عمل آوری کو یقینی بنائیں۔ سریدھر بابو نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے انتخابی وعدوں کی تکمیل میں دیگر ریاستوں کے لئے مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لئے اسکلس یونیورسٹی قائم کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال میں 60 ہزار سرکاری جائیدادوں پر تقررات کئے گئے۔ وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے کہا کہ کسانوں اور زرعی مزدوروں کے لئے اسکیمات کا آغاز کیا گیا ہے۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ زرعی شعبہ کی ترقی اور کسانوں کی خوشحالی کے اقدامات کریں۔ وزیر زراعت ناگیشور راؤ نے کہا کہ کسانوں کی قرض معافی کے علاوہ فصلوں پر بونس فراہم کیا جارہا ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کسانوں کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دی ہے۔ ریاستی وزراء نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ سرکاری اسکولوں میں طلبہ کے داخلہ میں اضافے کے لئے مساعی کریں۔ معیاری تعلیم کی فراہمی کے لئے ٹیچرس ٹریننگ کا اہتمام کیا گیا ہے۔ ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی گئی کہ ارکان اسمبلی اور عوامی نمائندوں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے سرکاری اسکولوں میں بنیادی انفرااسٹرکچر کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ 1