تروپتی راؤ کمیٹی کی سفارشات کو شامل کرنے اسکول اسوسی ایشن کی درخواست
حیدرآباد 21 فروری (سیاست نیوز) حکومت کی جانب سے تعلیمی اداروں میں فیس کو باقاعدہ بنانے سے متعلق مجوزہ قانون سازی کا اسکول اسوسی ایشن کی جانب سے خیرمقدم کیا گیا ہے۔ مسلمہ اسکولوں کی اسوسی ایشن کے نمائندوں نے وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی سے ملاقات کی اور کہاکہ تعلیمی اداروں میں یکساں طور پر فیس کے نفاذ سے طلبہ کو سہولت ہوگی۔ خاص طور پر غریب اور متوسط طبقات اضافی بوجھ سے بچ جائیں گے۔ عام طور پر کارپوریٹ اداروں میں تعلیمی فیس میں یکسانیت نہیں ہے۔ اِس سلسلہ میں حکومت سے بارہا نمائندگی کی گئی تھی جس کے بعد حکومت نے قانون سازی کا فیصلہ کیا ہے۔ اسوسی ایشن کے نمائندوں نے وزیر تعلیم سے درخواست کی کہ قانون سازی کے وقت پروفیسر تروپتی راؤ کمیٹی کی سفارشات کو پیش نظر رکھا جائے تاکہ تعلیمی اداروں کے لئے بھی کوئی دشواری نہ ہو۔ اسوسی ایشن کے نمائندوں نے تعلیمی فیس کے سلسلہ میں مختلف تجاویز کے ساتھ یادداشت حوالہ کی۔ حکومت نے قانون سازی کے لئے کابینی سب کمیٹی تشکیل دی ہے۔ اسوسی ایشن کے نمائندوں میں وائی شیکھر راؤ، ایس مدھو سدن، آئی وی رمنا راؤ اور دوسروں نے وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی سے ریاست میں تعلیم کو عام کرنے کے لئے حکومت کی مساعی پر بات چیت کی اور اسوسی ایشن کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ ر