کورونا کا خطرہ برقرار، کانگریس طلباء تنظیم کی احتجاج کی دھمکی
حیدرآباد ۔ کانگریس کی طلباء تنظیم این ایس یو آئی نے کورونا وباء کے باوجود اسکول اور کالجس کی کشادگی کے فیصلہ کی مخالفت کی ہے۔ این ایس یو آئی کے ریاستی صدر بی وینکٹ نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ یکم جولائی سے اسکولوں کی کشادگی کے ذریعہ حکومت طلبہ کی صحت کو خطرہ میں ڈال رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز نے اَن لاک سرگرمیوں کو مرحلہ وار طور پر انجام دینے کی ہدایت دی تھی لیکن کے سی آر نے کورونا کیسس کے باوجود لاک ڈاؤن کو مکمل طور پر ختم کرتے ہوئے عوام کیلئے مسائل پیدا کردیئے ہیں۔ وینکٹ نے کہا کہ تمام طلبہ کو ٹیکہ اندازی کا عمل مکمل کرنے کے بعد ہی تعلیمی اداروں کا آغاز کیا جانا چاہیئے۔ کورونا کی تیسری لہر سے بچوں اور طلبہ کے متاثر ہونے کا اندیشہ ہے باوجود اس کے حکومت نے یکم جولائی سے کشادگی کا فیصلہ کرتے ہوئے صورتحال کو مزید سنگین بنانے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے اسکولوں کی کشادگی کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ طلبہ کے علاوہ والدین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ وینکٹ نے کہا کہ ملک کا مستقبل طلباء و نوجوان ہیں اور موجودہ حالات میں حکومت ان کی صحت کے بارے میں لاپرواہی اور تساہل کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ یکم جولائی سے تعلیمی اداروں کی کشادگی کی صورت میں این ایس یو آئی احتجاج منظم کرے گی۔