محکمہ سوشیل ویلفیر اور قبائلی بہبود سے بھی آن لائن کلاسیس و تربیت
حیدرآباد۔6اپریل(سیاست نیوز) ریاست میں لاک ڈاؤن نے تعلیمی اداروں کو عصری طریقہ تعلیم اختیار کرنے کی جانب راغب کردیا ہے اور شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے کئی شہروں کے اسکول انتظامیہ کی جانب سے آن لائن کلاسس اور تربیتی کلاسس کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ ملک بھر میں جاری لاک ڈاؤن کی صورتحال کے سبب کئی ریاستوں محکمہ تعلیم کی جانب سے امتحانات منسوخ کرتے ہوئے انہیں اگلی کلاس میں ترقی دینے کا اعلان کردیا گیا ہے لیکن ریاست تلنگانہ میں ایسا کوئی فیصلہ تاحال نہیں کیا گیا ہے لیکن کہا جا رہاہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے کے جی تا پی جی آن لائن کورس یا آن لائن امتحان اور صلاحیت کا جائزہ لینے پر غور کیا جا رہاہے۔ریاست میں خانگی اسکولوں کی جانب سے طلبہ کے سلسلہ تعلیم کو جاری رکھنے کیلئے جو اقدامات کئے جا رہے ہیں ان میں آن لائن کورسس اور پریکٹس پیپر کا سہارا لیا جا رہاہے جبکہ سرکاری اسکولوں کی جانب سے ایسی کوئی سہولت فراہم نہیں کی جا رہی ہے ۔ ریاست تلنگانہ میں محکمہ سوشل ویلفیر اور قبائیلی بہبود کی جانب سے چلائے جانے والے اسکولوں میں آن لائن کلاسس اور تربیت کا آغاز کیا جا چکا ہے اور بتایا جاتا ہے کہ ریاست میں اقلیتوں کے لئے چلائے جانے والے اقامتی اسکولوں میں بھی آن لائن کلاسس و تربیت کی فراہمی کے امور کا جائزہ لیا جا رہاہے ۔ ریاستی حکومت کی جانب سے محکمہ تعلیم کو واضح ہدایات جاری کی جا چکی ہیں کہ وہ سلسلہ تعلیم کو مکمل طور پر ترک رکھیں اور طلبہ کو تیار رہنے کی تاکید کرتے رہیں۔ ذرائع کے مطابق ریاستی حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات میں محکمہ تعلیم کو دی گئی ہدایات کے مطابق حالات بہتر ہونے کی صورت میں امتحانات کے انعقاد کو یقینی بنانے پر غور کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ آن لائن تعلیم اور تربیت کے کلچر میں اضافہ کی صورت میں آئندہ طلبہ کو آن لائن تعلیم کے حصول میں کوئی دشواریاں نہیں ہوں گی کیونکہ ان اسکولوں اور کالجس کے لئے یہ موقع زریں ثابت ہورہا ہے جو یہ تصور کرتے تھے کہ آن لائن تعلیم کا آغاز ان کے لئے یا ان کے پاس تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کیلئے مشکل امر ہے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے چلائے جانے والے اقامتی اسکولوں کے طلبہ کو فراہم کی جانے والی آن لائن تعلیم و تربیت کے علاوہ خانگی اسکولوں میں فراہم کی جانے والی آن لائن تعلیمات و تربیت سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ موجودہ ٹکنالوجی کے دورمیں آن لائن تعلیم و تربیت کے معاملہ میں کوتاہی مسابقتی دور سے پیچھے رہنے کا سبب بن سکتی ہے اسی لئے ہر تعلیمی ادارہ کی جانب سے اس بات کی کوشش کی جا رہی ہے کہ تمام طلبہ کو آن لائن کلاسس سے مربوط کرتے ہوئے ان کے سلسلہ تعلیم اور طرز تعلیم میں تبدیلی لائی جائے اور انہیں لاک ڈاؤن کے دوران بہتر انداز میں تعلیم سے جوڑ کر مصروف رکھا جائے۔