تعلیمی کیلنڈر 2020-21ء کی تیاری میں محکمہ تعلیم مصروف

   

Ferty9 Clinic

۔120 کام کے دن ہونگے۔ گرمائی تعطیلات منسوخ یا ہاف ڈے کلاسیس کا امکان
حیدرآباد : محکمہ تعلیم آئندہ ماہ جنوری سے اسکولس میں جہاں تعلیمی سرگرمیاں شروع کرنے پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے، وہیں تعلیمی کیلینڈر کی اجرائی کی بھی کوشش کررہی ہے۔ اسکولس میں تعلیمی سرگرمیاں شروع کرنے کی حکومت سے منظوری حاصل ہونے کے بعد تعلیمی کیلینڈر جاری کیا جائے گا۔ آن لائن تعلیم کے ساتھ ریگولر کلاسیس کو جاری رکھنے کیلئے تعلیمی کیلینڈرس میں تجاویز پیش کرنے کی گنجائش ہے۔ پہلی جماعت تا نویں جماعت کے طلبہ کیلئے ریگولر کلاسیس کا انعقاد کرتے ہوئے انہیں دوسری کلاسیس میں پروموٹ کرنے کے بارے میں عہدیدار جائزہ لے رہے ہیں بصورت دیگر کلاس روم تجربہ کا رجحان طلبہ میں گھٹ جانے کا اندیشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ یہ طلبہ کے مستقبل پر بھی اثر انداز ہوسکتا ہے۔ اس لئے انہیں 6 ماہ تک یعنی 31 جولائی تک کلاسیس کا اہتمام کرتے ہوئے کم از کم 120 کام کے دن ہونے جیسا کیلینڈر تیار کرنے کا علم ہوا ہے۔ ماہ جولائی میں ہی سالانہ امتحانات منعقد کرنے کا عہدیدار جائزہ لے رہے ہیں۔ ضرورت پڑنے پر گرمائی تعطیلات میں (ہاف ڈے) اسکولس چلانے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔ ساتھ ہی دسویں جماعت کے طلبہ کیلئے ایس سی ای آر ٹی کے عہدیدار خصوصی تعلیمی کیلینڈر تیار کرنے میں مصروف ہے۔ خانگی تعلیمی انتظامیہ کی تنظیم نے چیف سکریٹری سومیش کمار سے ملاقات کرتے ہوئے جنوری سے تعلیمی سرگرمیاں شروع ہونے کے پیش نظر سال 2020-21ء کا تعلیمی سال کیلینڈر جلد جاری کرنے کا مطالبہ کیا اور ساتھ ہی دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات مئی میں منعقد کرنے انتظامات کی اپیل کی ہے۔