تعلیمیافتہ نسل سے ہی تہذیب یافتہ معاشرہ کی تشکیل ممکن

   

نرمل ایم ایس جونیر کالج میں تقریب ، محمد معظم حسین کا خطاب ، مہمانوں کو تہنیت
نرمل ۔ 16 نومبر ۔ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) آج کے اس پُرآشوب اور تیز ترین دور میں تعلیم کی ضرورت بہت اہمیت کی حامل ہے ، زمانہ کتنا ہی ترقی کرلے جدید علوم تو ضروری ہے ، اس کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم کی بھی اہمیت اپنی جگہ مسلمہ ہے ، ان خیالات کا اظہار ایم ایس اکیڈیمی کے سینر ڈائرکٹر محمد معظم حسین نے نرمل میں ایم ایس اکیڈیمی کے جونیر کالج کی منعقدہ تقریب جو آئی اے مسکن ہال میں طلباء و طالبات کی صلاحیتوں کو اُبھارنے اورینٹیشن پروگرام کے طورپر منعقد کی گئی تھی ، اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انھوں نے کہا کہ تعلیم کے حصول کیلئے قابل اساتذہ بھی بیحد ضروری ہیں۔ اسلام نے جہاں مسلمانوں پر حصول علم کو فرض قرار دیا ہے وہاں اسلام کی نظر میں استاد کو بھی معزز مقام حاصل ہے ۔ طلبہ برادری کو بھی چاہئے کہ وہ دل لگاکر تعلیم حاصل کریں اور اپنے والدین کا نام روشن کریں اس لئے کہ تعلیمیافتہ نسل ہی تہذیب یافتہ معاشرہ کی تشکیل میں نمایاں کردار نبھاسکتی ہے ۔ محمد معظم حسین نے کہا کہ ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی طلبہ برادری کیلئے اسلامی تعلیمات کی طرف بھی خصوصی توجہہ دے رہی ہے ۔ انھوں نے طلبہ سے کہا کہ والدین کی قدر کریں ، والدین تمہیں بچپن میں شہزادوں کی طرح پالتے ہیں لہذا تمہارا فرض بنتا ہے کہ ان کے بڑھاپے میں اُن کو بادشاہوں کی طرح رکھو ۔ اس موقع پر نرمل ایم ایس برانچ کے کرسپانڈنٹ محمد ذیشان علی نے تمام حیدرآباد سے آئے مہمانوں کے علاوہ مہمانِ خصوصی کا خیرمقدم کیا اور اُنھیں تہنیت پیش کی جن میں سید جلیل ازہر اسٹاف رپورٹر سیاست ، محمد معظم حسین کے علاوہ دیگر کو بھی تہنیت پیش کی گئی جبکہ محمد زاہد علی ، محمد عبدالرحیم ، محمد عبدالریحان بھی موجود تھے ۔