تقریباً دو ہفتے قبل سارے ملک میں مانسون سرگرم

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی : جنوب مغربی مانسون نے اپنے معمول سے تقریباً دو ہفتے قبل سارے ملک کا احاطہ کرلیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے جمعہ کو کہا کہ مانسون عام طور پر یکم جون کو کیرالا پہنچتا ہے اور اسے سری گنگا نگر (مغربی راجستھان) پہنچنے 45 روز لگتے ہیں۔ یہ ملک میں مانسون گزرنے کا آخری مقام ہے۔ تاہم اس سال محکمہ موسمیات نے سری گنگا نگر تک مانسون پہنچنے کی تاریخ ایک ہفتہ قبل کی بتائی ہے اور مانسون کی جانب سے سارے ملک کا احاطہ کرنے کی نئی تاریخ 8 جولائی ہے۔ جنوب مغربی مانسون راجستھان، ہریانہ اور پنجاب کے بقیہ حصوں میں مزید پیشرفت کر گیا ہے اور اس طرح جمعہ 26 جون کو اس نے سارے ملک کا احاطہ کرلیا۔ خلیج بنگال پر ہوا کے دباؤ میں کمی سے مغرب ۔ شمال مغربی سمت اور وسطی ہندوستان پر ایک اور طوفان کی تشکیل کے آثار پیدا ہورہے ہیں جس سے مانسون کو آگے بڑھنے میں مدد ملی۔ 2013ء میں مانسون نے 16 جون کو سارے ملک کا احاطہ کیا تھا۔ اسی سال اترکھنڈ میں ہلاکت خیز سیلاب آیا تھا۔ محکمہ موسمیات کے ڈائرکٹر جنرل ایک مہاپاترا نے کہا کہ 2013ء کے بعد مانسون نے پہلی بار رواں سال اتنی تیزی سے ملک کا احاطہ کیا ہے۔