نئی دہلی: چیف منسٹر اترپردیش یوگی ادتیہ ناتھ نے دہلی میں اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی مہم میں حصہ لیتے ہوئے انتخابی جلسہ سے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ شاہین باغ میں شہریت ترمیمی قانون کیخلاف احتجاج کرنے والوں کا ان خاندانوں سے تعلق ہے جنہوں نے ایک ملک (پاکستان) نہ جانے کا فیصلہ کیا تھا جوکہ تقسیم کے وقت مذہب کی بنیاد پر علیحدہ قائم کیاگیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ ہندوستان سے نہ جاکر ہندوستان پر کوئی احسان نہیں کیا۔
انہوں نے اروند کیجریوال پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شاہین باغ تو بہانہ ہے اصل نشانہ تو کوئی اور ہے۔ انہوں نے کہا کہ نعرہ ”ہندوستان تیرے ٹکڑے ہوں گے“ کا نعرہ لگانے والوں کے ساتھ کیجریوال کی ہمدردی ہے، ملک کی فوج سے ثبوت مانگتے ہیں۔ان کی ہمدردی دہلی کی عوام سے نہیں ہے بلکہ شاہین باغ سے ہے۔ یوگی ادتیہ ناتھ نے اروند کیجریوال کو چیلنج کیا کہ اگر ان میں ہمت ہے تو وہ یمنا میں ایک ڈبکی لگاکر دکھائیں۔