تلاوت و روزہ رکھنے میں بچوں کی مسابقت خوش آئند

   

مکتھل میں جامع مسجد انتظامی کمیٹی کی جانب سے بلند حوصلہ بچوں میں انعامات کی تقسیم اور نیک تمنائیں

مکتھل ۔ 30 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مکتھل مستقر ٹاؤن میں ماہ رمضان المبارک کے نزول قرآن مجید کے جشن کے حوالہ سے طلبہ برادری اور اسٹوڈنٹس کو قرآن مجید سے قریب کرنے اور ان میں تلاوت کے شوق و ذوق کو پروان چڑھانے کے لئے پچھلے چند سالوں سے سب سے زیادہ ماہ مبارک میں قرآن مجید کی تلاوت کرنے والے طلبہ کو جامع مسجد انتظامیہ کی نگرانی و سرپرستی میں عیدگاہ میں عید الفطر کے پرمسرت موقع پر انعامات سے نوازا جاتا ہے۔ اسی طرح ماہ رمضان المبارک میں معصوم و کمسن طلبہ (جن پر ابھی روزے فرض نہیں ہوئے) اپنے شوق و دلچسپی سے روزہ رکھنے والوں کو گرانقدر انعامات کے ذریعہ ان کی ہمت و حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔ سال حال بھی ماہ رمضان المبارک میں سب سے زیادہ تلاوت کرنے والے طالب علم جنہوں نے گیارہ مرتبہ قرآن شریف پڑھا۔ محمد مدثر ولد نور احمد کو نقد رقم اور مومنٹو پر مشتمل انعام اول سے نوازا گیا جبکہ انعام دوم محمد سمیر ولد نور احمد اور انعام سوم محمد اکبر ولد معین الدین کو دیا گیا۔ یہ عصری اسکول میں پڑھنے والے کم عمر طلبہ جنہوں نے سات سات مرتبہ اور پانچ پانچ مرتبہ اس ماہ مقدس میں قرآن مجید کا دور کیا ہے۔ تمام طلبہ کی شال پوشی اور مومنٹو کے ذریعہ ان سب کی ہمت افزائی کی گئی۔ اسی طرح ماہ رمضان المبارک میں کمسن لڑکا سات سالہ محمد ادیان فیض ولد محمد عمران کو اس شدید دھوپ اور گرما کے باوجود مکمل 29 دن روزے رکھنے پر معصوم و کمسن روزہ دار کی حیثیت سے بطور سائیکل انعام اول کے طور پر دیا گیا جبکہ محمد طلحہ ولد نصیر الدین کو انعام دوم اور عبدالرحمن ولد عبدالروف کو انعام سوم کی حیثیت سے نقد رقم اور مومنٹو پر مشتمل انعام سے نوازا گیا۔ اس کے علاوہ قرآن مجید کی تلاوت کرنے والے دیگر چودہ طلبہ اور اسی طرح ماہ صیام میں روزہ رکھنے والے جملہ 37 طلبہ کو شال پوشی اور مومنٹوز کے ذریعہ نماز جمعہ کے موقع پر انتظامیہ جامع مسجد اور مسلمانان مکتھل کی جانب سے ان سب کو تہنیت پیش کی گئی۔ اس موقع پر مولانا حافظ عبدالقوی حسامی خطیب عیدین نے کہا کہ تلاوت قرآن اور روزہ رکھنے میں طلبہ کی یہ اچھی اور صالح مسابقت خوش آئند ہے۔ اللہ تعالیٰ قرآن مجید کے تعلق سے ان طلبہ کے جذبات اور اس سے وابستگی کو باقی رکھے اور ان سب کی زندگیوں میں قرآنی انوار و برکات سے مزین فرمائے۔ اس موقع پر صدر مجلس انتظامی جامع مسجد سی چاند پاشاہ، مولانا حافظ عبدالقوی حسامی، غلام عباس علی، خطیب عبدالقدیر نائب صدر، قاضی محمد شہاب الدین، بی دلدار حسین، مولانا محمد حسین رشادی، حافظ محمد یوسف الدین، حافظ محمد سلیم، شرف الدین، نعیم الدین، جناب عبدالروف تاجر، حافظ محمد سلیم قریشی و دیگر موجود تھے۔ مفتی محمد اشرف علی نے پروگرام کی کارروائی چلائی۔ واضح رہے کہ مستقر ٹاؤن کے نوجوان تاجر جناب عبدالروف اپنے مرحوم والد الحاج غلام نبی مندی پل کے ایصال ثواب کے لئے ہر سال رمضان المبارک کے مقدس مہینہ میں طلبہ کو یہ انعامات سے نوازتے ہیں اور مجلس انتظامی جامع مسجد اس کی نگرانی و سرپرستی کرتی ہے۔