تلنگانہ ، سیکولر ریاست ، گنگاجمنی تہذیب کا گہوارہ

   

اردو میڈیم اسکولوں کو ترقی دینے کی کوشش ، ورنگل میں اقلیتوں کے اجلاس سے ریاستی وزیر داخلہ محمود علی کا خطاب

ورنگل ۔ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے آج ضلع ورنگل کا تفصیلی دورہ کیا۔انہوںنے اپنے دورہ کے دوران پولیس کمشنر ڈاکٹر ترون جوشی سے ملاقات کی ۔اور دفتر پولیس کمشنریٹ میں منعقدہ اجلاس کو مخاطب کیا ۔ بعد ازاں وزیر داخلہ نے ورنگل کی مشہور ومعروف درگاہ حضرت معشوق ربانی ؒ کی بارگاہ میں حاضری دی۔ جانشین سجادہ نشین جناب عبید بابا نے انہیں امام ضامن باندھا اور ملک اورریاست میں امن و امان کیلئے دعاء کی۔ بعد ازاں وزیر داخلہ نے سجادہ نشین جناب سید حیدر ہلال الدین نوید بابا کی رہائش گاہ پہنچکر ان سے خیر سگالی ملاقات کی۔ اس کے بعد سنیل گارڈن ملگ روڈ ورنگل میں ورنگل ویسٹ اور ورنگل ایسٹ میناریٹی قائدین کی جانب سے منعقدہ اقلیتوں کے بڑے اجتماع کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سارے ملک میں فرقہ وارانہ فضاء کو دی جارہی ہے جبکہ تلنگانہ ریاست میں سیکولرزم و گنگا جمنی تہذیب کو پروان چڑھایا جا رہا ہے۔ریاست کی ترقی اور یہاں کے عوام کیلئے فلاح وبہبود کیلئے جو اقدامات اٹھائے جارہے ہیں وہ سارے ملک کیلئے قابل تقلید ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس ریاست کو گولڈن تلنگانہ بنانے کا خواب کے سی آر کا ہے۔ جس کیلئے وہ شب و روز محنت کررہے ہیں۔ بہت کچھ ترقیاتی کام انجام دیئے گئے ہیں اور کئی ایک کاموں کو انجام دینا باقی ہے۔ برقی کے تمام مسائل حل ہوچکے ہیں۔پانی کے مسائل کو حل کرلیا گیا ہے۔سرکاری ملازمین کیلئے مراعات دیئے گئے ہیں۔ بے روزگار نوجوانوں کے تقرر کیلئے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں عنقریب 80ہزارو جائیدادوں پر تقررات عمل میں لائے جائیں گے۔ اردو، تلگو، انگلش زبانوں میں امتحانات لکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔ اردو زبان میں امتحان لکھنے کا یہ سنہری موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے اردو کو دوسری سرکاری زبان کا درجہ دیکر اردو کی ترقی کیلئے عملی جامہ پہنایا ہے۔ 60سے زائد اردو مترجمین کا تقرر عمل میں لایا گیا۔ اردو میڈیم اسکولوں کو ترقی دینے کی مساعی جاری ہے۔ اردو ٹمریز کے 204اسکولس اور کالج کا قیام عمل میں لایا گیا۔ اس اجلاس میں گورنمنٹ وہپ داسیم ونئے بھاسکر، رکن اسمبلی ورنگل ایسٹ این نریندر، کڈا چرمن سندر راج، کھادی بورڈ چیرمین مولانا یوسف زاہدمظاہری،دپٹی میئر رضوانہ شمیم مسعو د لائبریری چیرمین محمد عزیز خان، قمرانساء، رحیم النساء ، محمد عبدالقدوس، محمد نعیم الدین، محمد عبدالجبار، ارکان بلدیہ، ودیگر قائدین شہ نشین پر موجود تھے۔ عبدالقدوس نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ محمد نعیم الدین نے ہدیہ تشکر پیش کیا۔ اس موقع پر دونوں حلقوں کے ارکان اسمبلی، ارکان بلدیہ، سابقہ ڈپٹی میئر خواجہ سراج الدین، عبدالجبار، چاند پاشاہ،محمد احمد خان کے علاوہ اقلیتوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔