حیدرآباد۔/21ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اردو اکیڈیمی کی جانب سے سال 2021، 2022 اور 2023 کیلئے مختلف زمرہ جات میں کارنامہ حیات ایوارڈ (مجموعی خدمات پر انعامات ) کا اعلان کیا ہے۔ شعراء، ادیب، اسکالرس، صحافیوں اور اردو زبان و ادب کے فروغ میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیتوں کو یہ ایوارڈز پیش کئے جائیں گے۔ اردو اکیڈیمی نے ایوارڈ کیلئے مختلف زمروں سے وابستہ شخصیتوں سے درخواستیں طلب کی ہیں۔ صدر اردو اکیڈیمی جناب محمد خواجہ مجیب الدین نے بتایا کہ ریاست میں فروغ اردو کے ضمن میں ہر سال مختلف زمروں میں 7 ایوارڈز پیش کئے جاتے ہیں۔ شاعری میں دو ایوارڈ حضرت امجد حیدرآبادی ایوارڈ اور سعید شہیدی ایوارڈ، تنقید و تحقیق میں ڈاکٹر محی الدین قادری زور ایوارڈ، نثر میں ڈاکٹر آغا حیدر حسن ایوارڈ، تعلیم و تدریس میں پروفیسر حبیب الرحمن ایوارڈ، صحافت میں محبوب حسین جگر ایوارڈ اور فروغ اردو میں سرینواس لاہوٹی ایوارڈ پیش کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2021 تا 2023 تین سال کے جملہ 21 ایوارڈز پیش کئے جائیں گے۔ ایوارڈ کے تحت 50 ہزار روپئے، توصیف نامہ اور مومنٹو دیا جائے گا۔ ایوارڈز کے انتخاب کیلئے ماہرین کی کمیٹی تشکیل دی جاتی ہے جو متفقہ طور پر انعام یافتگان کا انتخاب کرتی ہے۔ تلنگانہ کے ادیب، شاعر، نقاد، ماہرین تعلیم، صحافی اور فروغ اردو میں خدمات انجام دینے والے افراد 16 اکٹوبر تک دفتر اردو اکیڈیمی حج ہاوز نامپلی میں بالمشافہ یا ذریعہ پوسٹ درخواست داخل کرسکتے ہیں۔ درخواست کے ساتھ تصویر، مکمل بائیو ڈاٹا، بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات، آدھار کارڈکی فوٹو کاپی اور خدمات کے بارے میں ضروری تفصیلات معہ دستاویزی ثبوت پیش کیا جائے۔ خواجہ مجیب الدین نے کہا کہ اکیڈیمی کے پروفارما کے تحت درخواستیں داخل کی جائیں اور یہ پروفارما دفتر اردو اکیڈیمی سے حاصل کیا جاسکتا ہے۔ سابق میں اردو اکیڈیمی سے ایوارڈ یافتہ افراد دوبارہ درخواست دینے کے اہل نہیں ہوں گے۔