مارچ کے پہلے ہفتہ میں کڈیم سری ہری اور ڈی ناگیندر کا فیصلہ متوقع
حیدرآباد ۔ 28 فبروری (سیاست نیوز) تلنگانہ کی سیاست میں ارکان اسمبلی کی نااہلی کی عرضیوں پر جاری سماعتوں نے سیاسی حلقوں میں بے چینی پیدا کردی ہے۔ اسپیکر اسمبلی جی پرساد کمار کی صدارت میں اسمبلی میں انحراف سے متعلق درخواستوں کی سماعت جاری ہے۔ 10 کے منجملہ 8 ارکان اسمبلی کے معاملے میں اسپیکر اسمبلی نے فیصلہ کرلیا ہے۔ دو ارکان اسمبلی کڈیم سری ہری اور ڈی ناگیندر کے کیس کی سماعت جاری ہے۔ اسمبلی حلقہ اسٹیشن گھن پور کے رکن اسمبلی کڈیم سری ہری کے خلاف بی آر ایس کے رکن اسمبلی کے پی ویویکانند نے پارٹی مخالف سرگرمیوں کا الزام عائد کرتے ہوئے نااہلی کی درخواست دائر کی تھی۔ آج کڈیم سری ہری سماعت کیلئے اسپیکر کے سامنے پیش ہوئے گزشتہ سماعت میں بی آر ایس کے وکلاء نے کڈیم سری ہری کے وکلاء پر جرح کی تھی جبکہ آج جوابی جرح متوقع ہے۔ اگر آج سماعت مکمل ہوجاتی ہے تو اس کیس میں جلد فیصلہ ہونے کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔ دوسری جانب ڈی ناگیندر کے خلاف دائر عرضی پر بھی کارروائی جاری ہے۔ ڈی ناگیندر کل سماعت کیلئے حاضر نہیں ہوئے۔ تاہم اسپیکر نے مزید دلائل کیلئے سماعت 2 مارچ تک ملتوی کردی ہے۔ واضح رہیکہ اسپیکر کو مجموعی طور پر 10 ایم ایل ایز کے خلاف انحراف کی شکایات موصول ہوئی تھیں جن میں سے 8 ارکان اسمبلی پر فیصلہ سنایا جاچکا ہے۔ 2