تلنگانہ اسمبلی چناؤ میں 63.94 فیصد رائے دہی

   

حیدرآباد میں محض 39.97 فیصد ووٹنگ، میدک 80.28 فیصد کے ساتھ سرفہرست، 3 ڈسمبر کو ووٹوں کی گنتی اور نتائج کا اعلان
حیدرآباد 30 نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کی 119 نشستوں کے لئے آج رائے دہی مکمل ہوگئی۔ شام 5 بجے تک 63.94 فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی۔ 2018 ء اسمبلی انتخابات کے مقابلہ اِس مرتبہ رائے دہی کا فیصد کم رہا۔ گزشتہ چناؤ میں 73.74 فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی تھی۔ الیکشن کمیشن نے رائے دہی کے لئے وسیع تر انتظامات کئے تھے۔ 106 اسمبلی حلقہ جات میں صبح 7 تا شام 5 بجے تک رائے دہی ہوئی جبکہ ماؤسٹ زیراثر علاقوں کے 13 اسمبلی حلقہ جات میں شام 4 بجے رائے دہی کا اختتام ہوا۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق سب سے زیادہ رائے دہی میدک ضلع میں ریکارڈ کی گئی جہاں رائے دہی 80.28 فیصد رہی جبکہ سب سے کم رائے دہی حیدرآباد میں ہوئی۔ حیدرآباد میں 39.97 فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی۔ شام 5 بجے سے قبل پولنگ بوتھس پر قطار میں ٹھہرنے والے افراد کو مقررہ وقت کے بعد بھی رائے دہی کا موقع دیا گیا جس کے سبب مجموعی رائے دہی کے فیصد میں معمولی اضافہ کا امکان ہے۔ شام 5 بجے تک عادل آباد میں 73.58 فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی جبکہ کتہ گوڑم 63.37، ہنمکنڈہ 62.46، حیدرآباد 39.97 ، جگتیال 74.87 ، جنگاؤں 80.23 ، بھوپال پلی 76.10 ، گدوال 73.60 ، کاماریڈی 71، کریم نگر 69.22 ، کھمم 73.77، آصف آباد 71.63 ، محبوب آباد 77.50 ، محبوب نگر 73.70 ، منچریال 70.71 ، میدک 80.28 ، ملکاجگری 49.25 ، ملگ 75.02 ، ناگر کرنول 70.83 ، نلگنڈہ 75.72 ، نارائن پیٹ 67.70 ، نرمل 71.47 ، نظام آباد 68.30 ، پداپلی 69.83 ، سرسلہ 71.87 ، رنگاریڈی 53.03 ، سنگاریڈی 73.83 ، سدی پیٹ 77.19 ، سوریہ پیٹ 74.88 ، وقارآباد 69.79 ، ونپرتی 72.60 ، ورنگل 73.04 اور بھونگیر میں 78.31 فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی۔ میدک، سنگاریڈی اور نظام آباد میں 60 فیصد سے زائد رائے دہی ریکارڈ کی گئی جبکہ اسمبلی حلقہ جات پٹن چیرو، اندول، نارائن کھیڑ اور ظہیرآباد میں 60 فیصد سے کم رائے دہی ریکارڈ کی گئی۔ دیہی علاقوں میں رائے دہی کا فیصد زیادہ رہا جبکہ شہری علاقوں میں رائے دہی کم ریکارڈ ہوئی ہے۔ حیدرآباد اور اُس کے اطراف کے اسمبلی حلقہ جات میں مجموعی رائے دہی 39.97 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ ملکاجگری 49.25 ، سنگاریڈی 61.13 ، پٹن چیرو 48.32 ، اندول 58.23 ، نارائن کھیڑ 52.02 ، ظہیرآباد 57.66 ، میدک 69.42 اور نرساپور میں 69.24 فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی۔ اسمبلی چناؤ میں جملہ 2290 امیدوار میدان میں تھے اور جملہ 35655 پولنگ مراکز قائم کئے گئے تھے۔ تلنگانہ میں جملہ رائے دہندوں کی تعداد 32602799 ہے جن میں مرد 16298418 جبکہ خاتون رائے دہندے 16301705 ہیں۔ سرویس ووٹرس کی تعداد 15406 جبکہ این آر آئی ووٹرس 2944 ہیں۔ 18 سے 19 سال عمر کے رائے دہندوں کی تعداد 999667 ہے۔ 2290 امیدواروں میں 221 خاتون امیدوار ہیں۔ ووٹوں کی گنتی 3 ڈسمبر کو ہوگی اور توقع ہے کہ دوپہر تک نتائج منظر عام پر آجائیں گے۔