تلنگانہ اسمبلی چناؤ کے مئی میں انعقاد سے بی آر ایس کو فائدہ کی امید

   

پراجکٹس کی تکمیل کا منصوبہ، صدر راج کی صورت میں عوامی ہمدردی حاصل ہونے کا یقین

حیدرآباد۔/13 ستمبر، ( سیاست نیوز) ملک میں لوک سبھا اور اسمبلیوں کے یکساں انتخابات پر سیاسی پارٹیوں کی جانب سے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا جارہا ہے لیکن تلنگانہ کی برسراقتدار بی آر ایس کو یقین ہے کہ اسمبلی چناؤ میں تاخیر سے فائدہ ہوگا اور حکومت کو زیر التواء پراجکٹس کی تکمیل میں مدد ملے گی۔ ایک قوم ایک الیکشن کی تجویز پر بی آر ایس نے اگرچہ سرکاری طور پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا لیکن پارٹی قائدین کو یقین ہے کہ اگر اسمبلی الیکشن نومبر؍ ڈسمبر کے بجائے لوک سبھا کے ساتھ مئی میں منعقد ہوگا تو ایسی صورت میں حکومت کو پراجکٹس کی تکمیل کیلئے وقت مل جائے گا۔ اس کے علاوہ قومی قائدین بھی کم تعداد میں تلنگانہ کا رخ کریں گے۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ تلنگانہ میں کئی آبپاشی پراجکٹس تکمیل کے مرحلے میں ہیں۔ پالمور رنگاریڈی لفٹ اریگیشن پراجکٹ اور سیتا راما پراجکٹ کو آئندہ چند ماہ میں مکمل کرلیا جائے گا۔ پراجکٹس کی تکمیل سے بی آر ایس کو کسانوں کے ووٹ حاصل ہونے کی امید ہے۔ قائدین کا کہنا ہے کہ یکساں انتخابات کی صورت میں قومی قائدین جیسے وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ تلنگانہ پر زیادہ وقت نہیں دے پائیں گے اور انہیں ملک بھر کا دورہ کرنا پڑے گا۔ اسی طرح کانگریس کے قومی قائدین بھی تلنگانہ میں زیادہ وقت مہم نہیں چلا پائیں گے۔ بی آر ایس قائدین کا کہنا ہے کہ پارٹی مہاراشٹرا اور کرناٹک میں انتخابات میں حصہ لے گی۔ اسمبلی چناؤ میں توسیع کی صورت میں اگر صدرراج کے نفاذ کے ذریعہ چناؤ کو توسیع دی گئی تو بی آر ایس کے حق میں ہمدردی کی لہر پیدا ہوگی۔ ایمرجنسی میں اندرا گاندھی کے اقدامات سے جس طرح اپوزیشن کو فائدہ ہوا تھا اسی طرح تلنگانہ میں بی آر ایس کو عوامی تائید حاصل ہوگی۔ بی آر ایس کے اندازہ کے مطابق نریندر مودی حکومت رام مندر کے افتتاح سے قبل لوک سبھا چناؤ کا سامنا نہیں کرے گی۔ لہذا یکساں انتخابات کی صورت میں اسمبلی چناؤ کو مارچ تک آگے بڑھایا جاسکتا ہے جبکہ لوک سبھا چناؤ کو جنوری سے قبل منعقد کرنے کے امکانات موہوم ہیں۔ بی آر ایس ذرائع کے مطابق دونوں چناؤ اگر ہوں گے تو وہ مئی میں ہوسکتے ہیں۔ الیکشن کمیشن کو یکساں انتخابات کے بارے میں حکومت کی جانب سے تاحال کوئی اطلاع نہیں دی گئی ہے۔