رات دیر گئے ارکان بورڈ کو ایجنڈہ کی سربراہی، صدارت صدرنشین کریں گے
حیدرآباد۔2۔جولائی(سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کا اجلاس 4جولائی کو منعقد ہوگا ۔ بورڈ کے اجلاس کے سلسلہ میں تیار کردہ ایجنڈہ اراکین کو یکم جولائی کی رات دیر گئے روانہ کرتے ہوئے انہیں مطلع کیا گیا ہے کہ اجلاس 4 جولائی کو 11بجے دن منعقد ہوگا اور اس اجلاس میں مختلف اہم امور پر فیصلہ کئے جائیں گے۔ وقف بورڈ کے اجلاس میںجملہ 28 ایجنڈے شامل کئے گئے ہیں۔اجلاس صدرنشین وقف بورڈ جناب محمد مسیح اللہ خان کی صدارت میں منعقد ہوگا اس اجلاس میں جن اہم موضوعات کو شامل کیا گیا ہے ان میں درگاہ حضرات یوسفینؒ کے علاوہ خانقاہ شطاریہ کی تولیت کا مسئلہ شامل ہے اس کے علاوہ بعض مساجد و اوقافی اداروں کی منیجنگ کمیٹیوں کی منظوری اور سابق میں جاری کئے گئے احکامات کی بورڈ میں توثیق کو بھی شامل رکھا گیا ہے۔ ایجنڈہ میں گذشتہ اجلاس کے فیصلوں پر عمل آوری کے علاوہ 8منیجنگ کمیٹیوں کو منظوری ‘ تولیت کے علاوہ درگاہ یوسفینؒ میں ہوئی دھاندلیوں پر رپورٹ کے علاوہ دیگر رپورٹس کی پیشکشی اور بعض اوقافی اداروں میں معمولی تعمیری کاموں کے اجازت ناموں کے علاوہ انتظامی امور کے متعلق مسائل شامل ہیں۔یکم جولائی کی شام تک بھی اراکین کو ایجنڈہ وصول نہ ہونے پر اراکین نے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن بعد ازاں رات دیر گئے ایجنڈہ وصول ہونے کے بعد اراکین نے بورڈ کے اجلاس کے انعقاد کے لئے حامی بھرتے ہوئے آئندہ اجلاس جلد منعقدکرنے کا مطالبہ کیا۔م