حیدرآباد۔/16 اگسٹ، ( سیاست نیوز) مرکزی حکومت نے تلگو ریاستوں کیلئے بعض اہم ریلوے پراجکٹس کو منظوری دی ہے۔ ریلوے لائن کے توسیعی منصوبہ کو مرکزی کابینہ نے منظوری دی۔ تلگو ریاستوں کے علاوہ 9 دیگر ریاستوں کیلئے 7 ملٹی ریکنگ پراجکٹس پر عمل آوری کا فیصلہ کیا گیا۔ آندھرا پردیش میں گنٹور تا بی بی نگر ڈبلنگ پراجکٹ کو مرکز نے منظوری دی جس کے تحت 3238.38 کروڑ کے خرچ سے 272.69 کلو میٹر ڈبلنگ کام انجام دیا جائے گا۔ 5655 کروڑ کے خرچ سے ڈون تا محبوب نگر، میڑچل تا منماڑ تقریباً 502.34 کلو میٹر ریلوے پٹریوں کی ڈبلنگ کا کام انجام دیا جائے گا۔ آندھرا پردیش میں وجیا نگرم ضلع میں 417.6 کلو میٹر ریلوے لائن پر 5618.26 کروڑ خرچ کئے جائیں گے۔ ریلوے پراجکٹس اور ڈبلنگ کے کاموں کے ذریعہ نہ صرف مسافرین کو بہتر سہولتیں فراہم ہوں گی بلکہ مسافرین کی تعداد پر قابو پایا جاسکے گا۔ مرکزی حکومت نے اتر پردیش ، بہار، تلنگانہ، آندھرا پردیش، مہاراشٹرا، گجرات، اوڈیشہ، جھارکھنڈ اور مغربی بنگال میں 35 اضلاع کے حدود میں ریلوے نیٹ ورک میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔