جسٹس الوک ارادھے و جسٹس دھیرج سنگھ ٹھاکر کے ناموں کی سفارش
حیدرآباد 6 جولائی (سیاست نیوز) جسٹس الوک ارادھے تلنگانہ ہائیکورٹ کے نئے چیف جسٹس ہونگے۔ سپریم کورٹ کالجیم نے جسٹس ارادھے کو تلنگانہ کا چیف جسٹس مقرر کرنے سفارش کی ہے۔ توقع ہے کہ صدر جمہوریہ سے جلد منظوری مل جائیگی۔ جسٹس ارادھے فی الوقت کرناٹک ہائی کورٹ جج ہیں۔ کالجیم نے سفارش میں کہا کہ جسٹس اجل بھویاں کو سپریم کورٹ جج مقرر کرنے سے تلنگانہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کا عہدہ خالی ہوا ہے۔ اس عہدہ پر جسٹس الوک ارادھے کے تقرر کی سفارش کی جاتی ہے ۔ جسٹس ارادھے 29 ڈسمبر 2009 ء کو مدھیہ پردیش ہائی کورٹ جج مقرر کئے گئے ۔ نومبر 2018 ء میں ان کا کرناٹک ہائی کورٹ تبادلہ کیا گیا ۔ دونوں ہائیکورٹس میں 13 سالہ تجربہ کی بنیاد پر کالجیم نے تلنگانہ کا چیف جسٹس مقرر کرنے سفارش کی ہے۔ سپریم کورٹ کالجیم نے جسٹس دھیرج سنگھ ٹھاکر کو آندھراپردیش ہائی کورٹ کا چیف جسٹس مقرر کرنے کی سفارش کی ۔ جموں و کشمیر کے جسٹس دھیرج سنگھ ٹھاکر 2013 ء سے ہائی کورٹ جج کی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ جون 2022 ء میں انہیں ممبئی ہائی کورٹ تبادلہ کیا گیا ۔ کالجیم نے جسٹس ٹھاکر کو منی پور چیف جسٹس مقرر کرنے کی سفارش کی تھی جو زیر التواء ہے۔ کالجیم نے نئی سفارش میں آندھراپردیش ہائی کورٹ کا چیف جسٹس مقرر کرنے کی تجویز پیش کی۔ر