حیدرآباد ۔ 25 مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں منعقدہ ٹی ای سیٹ (TG ECET-2025) کے نتائج آج جاری کردیئے گئے۔ 12 مئی کو منعقدہ ای سیٹ امتحانات کے ذریعہ پالی ٹیکنک اور بی ایس سی میتھس کے طلبہ بی ٹیک اور بی فارمیسی کورسیس میں داخلہ لے سکتے ہیں۔ صدر نشین تلنگانہ کونسل فار ہائیر ایجوکیشن پروفیسر بالاکشٹا ریڈی نے نتائج جاری کئے۔ اس موقع پر وائس چانسلر عثمانیہ یونیورسٹی کے علاوہ کونسل فار ہائیر ایجوکیشن کے اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔ ای سیٹ میں 93.87 فیصد امیدواروں کو کوالیفائی قرار دیا گیا ہے۔ امتحان کے لئے 19672 امیدواروں نے رجسٹرڈ کروایا تھا جبکہ 18928 امیدواروں نے حصہ لیا اور 17768 امیدوار کوائیفائی ہوئے۔ لڑکیوں کی کامیابی کا فیصد 95.87 درج کیا گیا اور جملہ 7093 لڑکیاں کوالیفائی ہوئیں۔لڑکیوں کو لڑکوں پر سبقت حاصل ہوئی۔ مختلف شعبہ جات میں رینک حاصل کرنے والے امیدواروں کی فہرست جاری کی گئی جن میں سنتوش کمار (بی ایس سی میتھس)، ایل تیجا سائی (کیمیکل انجینئرنگ)، نکھل کوشیک (سیول انجینئرنگ)، شریکانت (کمپیوٹر سائنس انجینئرنگ)، کے ریوتی (الیکٹرانکس کمیونکیشن انجینئرنگ)، کے شراونی (الیکٹریکل الیکٹرانکس انجینئرنگ)، آر چندنا (الیکٹرانکس انسٹرومنٹیشن)، پی کارتک (میکانیکل انجینئرنگ)، ٹی سبرامنیم (میٹرلرجیکل انجینئرنگ)، کے اکشریا (مائننگ انجینئرنگ) اور آئی چندنا (فارمیسی) شامل ہیں۔ 1