صدرنشین اور تین ارکان کا تقرر ہوگا، پری پرائمری سے یونیورسٹی سطح تک تعلیمی اصلاحات کی تیاریاں
حیدرآباد۔/3 ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں پری پرائمری تا یونیورسٹی تک عوام کو بہتر تعلیم کی فراہمی کیلئے جامع تعلیمی پالیسی تیار کرنے کیلئے تلنگانہ ایجوکیشن کمیشن کی تشکیل کا فیصلہ کیا ہے۔ کمیشن کی تشکیل کے سلسلہ میں آج پرنسپل سکریٹری اعلیٰ تعلیم بی وینکٹیشم نے احکامات جاری کئے۔ جی او ایم ایس 27 کے تحت تلنگانہ ایجوکیشن کمیشن میں صدرنشین کے علاوہ تین ارکان ہوں گے جن کا تعلق تعلیم کے مختلف شعبہ جات کے ماہرین میں سے ہوگا۔ حکومت کی جانب سے کمیشن کی سرگرمیوں میں تعاون اور تال میل کیلئے ہیڈ آف دی ڈپارٹمنٹ رتبہ کے عہدیدار کو ممبر سکریٹری کے طور پر مقرر کیا جائے گا۔ کمیشن اپنی سفارشات پیش کرنے کیلئے شعبہ تعلیم سے وابستہ افراد اور اداروں سے مشاورت کرے گا۔ کمیشن کی رپورٹ میں تعاون کیلئے ماہرین، کنسلٹنٹس اور پروفیشنلس کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ کمیشن محکمہ تعلیم کے ملازمین کی خدمات ڈیپوٹیشن کی بنیاد پر حاصل کرے گا۔ کمیشن کے غیر سرکاری ارکان کی میعاد تقرر کی تاریخ سے دو سال رہے گی۔ جی او میں کہا گیا ہے کہ کمیشن کے تمام اخراجات اور فنڈز کی پابجائی حکومت کی جانب سے کی جائے گی۔ ریاست میں عوام کو معیاری تعلیم کی فراہمی اور موجودہ تعلیمی نظام میں تبدیلیوں کیلئے حکومت نے منصوبہ بندی کی ہے۔ حکومت کو پری پرائمری سے یونیورسٹی سطح تک تعلیمی نظام کو بہتر بنانے کے لئے تلنگانہ ایجوکیشن کمیشن سفارشات پیش کرے گا۔ کمیشن کے قیام کا مقصد حکومت کو پالیسی کی تیاری میں سفارشات پیش کرنا ہے۔ تلنگانہ ایجوکیشن کمیشن اسکولی سطح پر موجودہ طریقہ تعلیم کو مزید بہتر بنانے کے علاوہ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں طلبہ کو روزگار سے مربوط کورسیس کی تربیت جیسے امور کا احاطہ کرتے ہوئے حکومت کو رپورٹ پیش کرے گا۔1