میدک۔ 21 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )بشیر باغ پریس کلب میں تلنگانہ ایمپلائیز کوآرڈینیشن کمیٹی کی جانب سے ایک پریس میٹ منعقد کی گئی جس میں سابق وزیر سرینواس گوڑ، سابق چیرمین قانون ساز کونسل سوامی گوڑ، دیوی پرساد، وٹھل، پاتوری سدھاکر ریڈی اور دیگر قائدین نے شرکت کرتے ہوئے حکومت تلنگانہ سے سرکاری ملازمین کے دیرینہ مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کا مطالبہ کیا۔ سرینواس گوڑ نے کہا کہ ملازمین ریٹائرمنٹ فوائد سے محروم ہیں اور انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تلنگانہ فاونڈیشن ڈے (2 جون) تک ملازمین کو پانچ DA بقایاجات، PRC، پنشن، اور صحت کارڈ کے ذریعہ کیش لیس علاج کی سہولت فراہم کی جائے۔ ہوم گارڈز کو تنخواہیں نہ ملنے کی وجہ سے وہ کرایہ ادا کرنے سے قاصر ہیں اور اسپتالوں میں علاج کے لیے بھی دشواریوں کا سامنا کر رہے ہیں، جس کا فوری ازالہ ضروری ہے۔سوامی گوڑ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ 10 ہزار سے زائد ریٹائرڈ ملازمین کے فوائد فوری ادا کرے اور نئی پنشن اسکیم کو منسوخ کرکے پرانی پنشن اسکیم بحال کرے۔ دیوی پرساد نے ریاستی حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ ملازمین کے تعلق سے بے حسی کا مظاہرہ کر رہی ہے اور کمیٹیوں کے نام پر وقت گزاری کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر 2 جون تک ملازمین کی پانچ اہم مطالبات حل نہیں ہوتیں تو تمام سیاسی پارٹیوں سے ملاقات کرتے ہوئے حکومت پر دباؤ ڈالا جائے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ چیف منسٹر سے براہ راست ملاقات کرکے JAC کی دی گئی تمام ضمانتوں کو نافذ کرنے کا بھی مطالبہ کیا جائے گا۔انہوں نے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی سے اپیل کی کہ وہ ملازمین کی تنظیموں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے تمام مسائل کو براہ راست سمجھیں اور ان کے حل کے لیے ٹھوس اقدامات کریں۔اس پریس کانفرنس میں ایم اے حمید، بھجن گارو لکشمن، شیام راؤ، بالامللو، حسن، رنگا راجو، آدی نارائن ریڈی اور کلیان سمیت دیگر قائدین نے شرکت کی۔