اصل مہم کے دوران پیش آنے والے مسائل کا جائزہ لیا جائیگا ۔ چیف سکریٹری محکمہ صحت کا اجلاس
حیدرآباد۔تلنگانہ میں 7جنوری کو تمام اضلاع میں کورونا ٹیکہ اندازی کی مشق کی جائے گی اور اس دوران یہ جائزہ لیا جائے گا کہ کن علاقوں میں کس طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ چیف سیکریٹری محکمہ صحت مسٹرسید علی مرتضیٰ رضوی نے آج محکمہ صحت کے عہدیداروں اور ضلعی عہدیداروں کے ہمراہ جائزہ اجلاس منعقد کرکے کہا کہ تمام اضلاع میں تمثیلی ٹیکہ اندازی کیلئے 1000 مراکز کا قیام عمل میں لایا جائے گا اور اس دوران کولڈ اسٹوریج کے علاوہ ٹیکوں کی منتقلی کے عمل کا جائزہ لے کر تلنگانہ میں ٹیکہ اندازی کے دوران درپیش مسائل کا جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں پرنسپل سیکریٹری محکمہ صحت مسٹر سید علی مرتضیٰ رضوی کے علاوہ ڈائریکٹر محکمہ صحت ڈاکٹر جی سرینواس اور دیگر موجود تھے۔ضلعی عہدیداروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ محبوب نگر اور حیدرآباد میں ہوئی مشق کے دوران آنے والی مشکلات کا جائزہ لے کر اضلاع میں تیاریاں کریں اور اگر 7 جنوری کے ڈرائی رن کے دوران مشکلات پیش آتی ہیں توان کے حل کیلئے تجاویز فوری محکمہ کو آگاہ کریں۔ ڈائرکٹر محکمہ صحت ڈاکٹر جی سرینواس نے بتایا کہ 7 جنوری کو تمام اضلاع میں 1000 مراکز پر تمثیلی مشق کے دوران صبح 9بجے تا5بجے شام 25 افراد کو ٹیکہ اندازی کے عمل سے گذارا جائیگا اور اس دوران ٹیکوں کے کولڈ اسٹوریج اور منتقلی کے عمل کے علاوہ دیگر امور کا جائزہ لیا جائیگا۔ تمثیلی مشق کے فوری بعدمحکمہ صحت کی جانب سے طبی عملہ کے علاوہ کورونا کے دوران حالات کو قابوں میں رکھنے میں تعاون کرنے والوں کو پہلے ٹیکہ اندازی یقینی بنائی جائیگی اور ٹیکہ اندازی مہم میں حصہ لینے والے طبی عملہ کو خصوصی تربیت کی فراہمی اور ان کی خدمات کے سلسلہ میں تیار رہنمایانہ خطوط کے متعلق بھی حکمہ صحت کی جانب سے جلد اعلامیہ کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی اور ضلع واری اساس پر ان پر عمل آوری کیلئے ضلع میڈیکل آفیسر ذمہ دار ہوں گے۔