دونوں شہروں میں بھی کل سے بارش میں شدت کا امکان
حیدرآباد۔22جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ کے کئی اضلاع میں آئندہ 4یوم کے دوران بھی شدید موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ محکمہ موسمیات سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ تلنگانہ کے علاوہ جنوبی اوڈیشہ‘ شمالی آندھرا کے ساتھ شمالی تلنگانہ اضلاع میں مسلسل بارش کا امکان ہے۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کیلئے محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے مطابق مطلع ابرآلود رہے گا لیکن وقفہ وقفہ سے ہلکی اور تیز بوندا باندی کے امکانات ہیں لیکن موسلادھار بارش کے امکانات موہوم ہو چکے ہیں۔ اضلاع عادل آباد ‘ کریم نگر ‘ ورنگل ‘ کتہ گوڑم اور کھمم میں آئندہ 4 یوم بارش کا سلسلہ جاری رہنے کے امکانات ہیں جبکہ ملوگو‘ کتہ گوڑم‘ نلگنڈہ ‘ کھمم‘ سوریہ پیٹ‘ محبوب آباد‘ حیدرآباد ‘ رنگاریڈی ‘ بھونگیری‘ سدی پیٹ‘ ملکا جگری اور وقار آباد میں دو شنبہ 24 جولائی سے شدید بارشوں شروع ہونے کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ کہا گیا کہ خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی سے تلنگانہ ‘ آندھراپردیش اور اوڈیشہ کے اضلاع میں بارشیں شروع ہوسکتی ہیں۔محکمہ موسمیات و خانگی ماہرین کے مطابق بیشتر اضلاع میں بارشوں کے نتیجہ میں 30تا40 کیلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں بھی چلنے کا امکان ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ دونوں شہروں کے علاوہ نواحی علاقوں میں 24 جولائی سے دوبارہ بارشوں کا آغاز ہوگا اور یہ سلسلہ جاریہ ماہ کے اختتام تک برقرار رہے گا۔وقارآباد‘ رنگاریڈی ‘ میڑچل ۔ ملکا جگری ‘ سنگاریڈی میں آئندہ 5یوم ہلکی اور تیز بارش جاری رہے گی اور درجہ حرارت میں مسلسل گراوٹ ریکارڈ کئے جانے کا امکان ہے۔م