دہلی میں طلبہ کا احتجاج ، کونڈا وشویشورریڈی کی تائید
حیدرآباد۔23 ۔جولائی (سیاست نیوز) دہلی کے تلنگانہ بھون میں تقررات کے طریقہ کار کے خلاف دہلی یونیورسٹی کے طلبہ نے احتجاج منظم کیا ۔ تلنگانہ بھون میں امبیڈکر مجسمہ کے روبرو احتجاج کرنے والے طلبہ نے الزام عائد کیا کہ ریسیڈنٹ کمشنر تلنگانہ بھون نے یکطرفہ فیصلہ کرکے تقررات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ بھون کو نارتھ انڈیا بھون میں تبدیل کیا جارہا ہے اور تلنگانہ طلبہ سے تقررات میں ناانصافی کی گئی۔ طلبہ نے کمشنر کی فوری برطرفی کا مطالبہ کیا ۔ اسی دوران سابق رکن پارلیمنٹ کونڈا وشویشور ریڈی نے احتجاجی طلبہ سے بات چیت کی اور اظہار یگانگت کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ بھون دہلی میں 74 ملازمین ہیں جن میں سے چار کا تعلق تلنگانہ سے ہے جبکہ باقی آندھراپردیش اور دیگر ریاستوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ وشویشور ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کے نوجوانوں نے روزگار میں انصاف کے لئے جدوجہد کی تھی لیکن تلنگانہ کی تشکیل کے بعد ناانصافیوں کا سلسلہ جاری ہے۔