مرکزی کابینہ میں تلنگانہ کے نئے چہرے، کشن ریڈی کو ریاستی ذمہ داری ممکن
حیدرآباد۔یکم۔جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ بھارتیہ جنتاپارٹی قیادت میں تبدیلی کے سلسلہ میں جلد ہی احکامات کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی۔ذرائع کے مطابق مرکزی حکومت کی جانب سے کابینہ میں ردوبدل کے دوران مسٹر جی کشن ریڈی سے کابینی وزارت واپس لے لی جائے گی اور انہیں تلنگانہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت حوالہ کئے جانے کا امکان ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ مرکزی حکومت کی کابینہ میں تبدیلی کے دوران ریاست تلنگانہ کو دو نمائندگیاں حاصل ہونے کا امکان ہے اور کہا جار ہاہے کہ ریاست میں بی جے پی کے داخلی انتشار کو دور کرنے کے لئے جی ۔کشن ریڈی کو ذمہ داری تفویض کی جائے گی۔ ریاستی صدر بنڈی سنجے سے پارٹی قائدین کے اختلافات میں ہورہے اضافہ کو دیکھتے ہوئے بی جے پی قومی قیادت نے تلنگانہ میں بی جے پی کی قیادت میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے لیکن بی جے پی قومی قیادت کے لئے یہ فیصلہ کرنا اس قدر آسان نہیں ہے کیونکہ بنڈی سنجے کو پارٹی کارکنوں کی حمایت حاصل ہے ۔ذرائع کے مطابق پارٹی کی جانب سے جی کشن ریڈی کو ریاستی امور کی نگرانی کے لئے کابینہ سے نکالتے ہوئے انہیں صدر تلنگانہ بی جے پی کا عہدہ دیا جائے گا اور تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے دو ارکان پارلیمان کو مرکزی کابینہ میں ہونے والی تبدیلی کے دوران کابینی و مملکتی وزارت حوالہ کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق مرکزی حکومت بنڈی سنجے کو ناراض نہ کرنے کے لئے انہیں کابینہ میں شامل کرنے کے اقدامات کرسکتی ہے جبکہ ان کے علاوہ ایک اور رکن پارلیمنٹ کو کابینہ میں شامل کیا جاسکتا ہے لیکن کوئی بھی یہ کہنے سے قاصر ہے کہ مرکزی حکومت کی کابینہ میں کسے شامل کیا جائے گا! بھارتیہ جنتا پارٹی تلنگانہ میں پائے جانے والے اختلافات اور قائدین کے درمیان رسہ کشی کو دیکھتے ہوئے کہا جار ہاہے کہ داخلی اختلافات کے خاتمہ کی تمام کوششیں رائیگاں ہونے کے بعد ہی بھارتیہ جنتا پارٹی کی قومی قیادت نے بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا فیصلہ کیا ہے ۔ریاستی قیادت میں تبدیلی کی صورت میں ایٹالہ راجندر اور کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی کے علاوہ اے پی جتیندر ریڈی ‘ کونڈہ وشویشور ریڈی گروپ کی کامیابی تصور کی جائے گی۔م