تلنگانہ جنا سمیتی نے کانگریس کی تائید کا اعلان کیا

   

سی پی آئی نے تاریخی غلطی کی، کودنڈا رام کا ردعمل
حیدرآباد۔2 ۔ اکتوبر ( سیاست نیوز) تلنگانہ جنا سمیتی نے حضور نگر میں کانگریس کی تائید کا اعلان کیا اور سی پی آئی کی جانب سے ٹی آر ایس کی تائید کو تاریخی غلطی قرار دیا ۔ پروفیسر کودنڈا رام نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی مخالف عوام پالیسیوں کے خلاف تلنگانہ جنا سمیتی نے کانگریس کی تائید کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حضور نگر میں سرکاری مشنری کے استعمال کے ذریعہ ٹی آر ایس کامیابی کا خواب دیکھ رہی ہے ۔ حلقہ کی ترقی کیلئے حکومت نے کوئی توجہ نہیں دی۔ اپوزیشن ارکان اسمبلی کے حلقوں کو نظر انداز کیا جارہا ہے ۔ کودنڈا رام نے حضور نگر میں حکومت کے خلاف آواز ا ٹھانے پر سرپنچوں کو گرفتار کرنے کا الزام عائد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ساری کابینہ حضور نگر میں ٹی آر ایس کی انتخابی مہم میں مصروف ہے ۔ سی پی آئی کی جانب سے ٹی آر ایس کی تائید پر تبصرہ کرتے ہوئے کودنڈا رام نے کہا کہ سی پی آئی نے تاریخی غلطی کی ہے ۔ واضح رہے کہ کانگریس قائدین نے تلنگانہ جنا سمیتی کے قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے تائید کی اپیل کی تھی ۔ کودنڈا رام نے کہا کہ اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات کی طرح حکومت کی مخالف عوام پالیسیوں کے خلاف کانگریس کے ساتھ متحدہ جدوجہد جاری رہے گی۔