4 جنوری کو قرعہ اندازی کا امکان، آندھراپردیش میں 3165 درخواستیں
حیدرآباد ۔ 24 ۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) حج 2020 ء کے لئے تلنگانہ حج کمیٹی کو جملہ 10613 درخواستیں موصول ہوئی ہیں جبکہ آندھراپردیش حج کمیٹی کو 3165 درخواستیں موصول ہوئیں۔ تلنگانہ میں عازمین حج کے انتخاب کے لئے قرعہ اندازی توقع ہے کہ 4 جنوری کو ہوگی۔ تاہم اس سلسلہ میں سنٹرل حج کمیٹی کی جانب سے قطعی تاریخ کا اعلان باقی ہے۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مسیح اللہ خاں نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ 10 اکتوبر تا 23 ڈسمبر آن لائین درخواستوں کے ادخال کا موقع فراہم کیا گیا تھا۔ 70 سال سے زائد عمر کے محفوظ زمرہ میں 462 اور بغیر محرم کے زمرہ میں 8 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ 10143 درخواستوں کی قرعہ اندازی کے ذریعہ کوٹہ کے مطابق عازمین کا انتخاب کیا جائے گا ۔ تلنگانہ کے اضلاع میں سب سے زیادہ 6421 درخواستیں حیدرآباد سے داخل کی گئیں جبکہ راجنا سرسلہ ضلع سے صرف دو درخواستیں داخل ہوئی ہیں۔ 53 کورس کا معاملہ دستاویزات کی کمی کے سبب زیر التواء ہے ۔ گزشتہ پانچ برسوں میں جاریہ سال سب سے کم درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ گزشتہ سال 13368 درخواستیں داخل کی گئی تھیں جبکہ ویٹنگ لسٹ کے بشمول 5284 عازمین حج روانہ ہوئے تھے۔ آندھراپردیش اور کرناٹک کے عازمین حج کے بشمول جملہ 8316 عازمین حج حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے روانہ ہوئے ۔ صدرنشین حج کمیٹی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ قرعہ اندازی میں انتخاب کے لئے درمیانی افراد سے رجوع نہ ہوں۔ اگر کوئی شخص رقم کا مطالبہ کرے تو اس کی اطلاع حج کمیٹی کو دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سفری اخراجات کے سلسلہ میں حج کمیٹی سے کوئی اطلاع نہیں ہے ، لہذا امکان ہے کہ گزشتہ سال کے مطابق اخراجات برقرار رہیں گے ۔ صدرنشین حج کمیٹی نے کہا کہ کے سی آر حکومت عازمین حج کے لئے بہتر انتظامات کے حق میں ہے اور حج کمیٹی جاریہ سال بھی بہتر انتظامات کو یقینی بنائے گی۔