تلنگانہ حج کمیٹی کے حجاج کرام کے 36 قافلوں کی واپسی مکمل

   

آخری قافلہ کا صدر نشین حج کمیٹی نے استقبال کیا، ویٹنگ لسٹ کے حجاج کرام چینائی کو واپس ہوں گے
حیدرآباد۔/9 جولائی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی سے روانہ حج 2024 کے حجاج کرام کے قافلوں کی واپسی کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔ سعودی ایر لائنس کی خصوصی پرواز سے کل رات حجاج کرام کا 36 واں آخری قافلہ شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پہنچا۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مولانا غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ، ایگزیکیٹو آفیسر شیخ لیاقت حسین اور اسسٹنٹ ایگزیکیٹو آفیسر عرفان شریف نے آخری قافلہ کا استقبال کیا۔ حجاج کرام نے سعودی عرب میں قیام اور ایام حج کے دوران موثر انتظامات کیلئے حکومت سعودی عرب اور حج کمیٹی آف انڈیا سے اظہار تشکر کیا۔ حجاج کرام کی واپسی کا 23 جون سے آغاز ہوا تھا۔ حیدرآباد امبارکیشن پوائنٹ سے روانہ ہوئے عازمین مدینہ منورہ روانہ ہوئے تھے اور فریضہ حج کی تکمیل کے بعد جدہ سے واپسی عمل میں آئی ہے۔ آخری قافلہ کی واپسی کے موقع پر حجاج کرام کے رشتہ داروں اور دوست احباب کی کثیر تعداد دیکھی گئی اور ایر پورٹ پر جذباتی مناظر دیکھے گئے۔ حجاج کرام کو ایر پورٹ پر 5 لیٹر زم زم کا کیان حوالے کیا گیا۔ جی ایم آر، کسٹمس، ایمگریشن اور دیگر محکمہ جات کی جانب سے عازمین حج کے ضروری امور کی تکمیل میں مکمل تعاون کیا گیا۔ واضح رہے کہ حیدرآباد امبارکیشن پوائنٹ سے 17 ریاستوں کے جملہ 11512 عازمین روانہ ہوئے تھے۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے درخواستوں کے ادخال کے وقت عازمین حج کو امبارکیشن پوائنٹ کے انتخاب کی سہولت دی تھی۔ سفر حج کے دوران تلنگانہ کے 7 حجاج کرام کا انتقال ہوا جن میں دو حجاج منیٰ اور جمرات میں جاں بحق ہوئے۔ جاں بحق ہونے والے حجاج کرام میں سنگاریڈی 2 ، رنگاریڈی 2 ، نظام آباد اور حیدرآباد کے ایک، ایک حاجی شامل ہیں۔ تلنگانہ حج کمیٹی کی نگرانی میں جملہ 11672 عازمین کی روانگی عمل میں آئی جن میں ویٹنگ لسٹ کے 100 عازمین چینائی سے روانہ ہوئے اور ان کی واپسی بھی چینائی کو ہوگی۔ تلنگانہ کے 8296 عازمین نے فریضہ حج کی تکمیل کی ہے۔ دیگر ریاستوں کے حیدرآباد سے روانہ ہونے والے عازمین میں آندھرا پردیش 1096 ، آسام 4 ، بہار 93 ، چھتیس گڑھ 54 ، دہلی 7 ، گوا 3 ، گجرات 9 ، جموں کشمیر 1 ، جھار کھنڈ 7 ، کرناٹک 1045 ، مدھیہ پردیش 12 ، مہاراشٹرا 739 ، ٹاملناڈو 9 ، اُترپردیش 8 ، مغربی بنگال 6 اور اڈیشہ کے 125 عازمین شامل تھے۔ تلنگانہ سے ویٹنگ لسٹ کے تحت 2222 عازمین کو منظوری حاصل ہوئی۔ اسی دوران صدرنشین حج کمیٹی مولانا غلام افضل بیابانی نے حجاج کرام کی بخیریت واپسی پر مسرت اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سرکاری محکمہ جات اور خانگی اداروں کے حج کیمپ میں تعاون پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ عازمین حج کی خدمت میں ناکام خادم الحجاج کے خلاف تادیبی کارروائی کیلئے متعلقہ محکمہ جات کو سفارش کی جائے گی۔1