تلنگانہ حکومت پر جسٹس پی سی گھوش کی برہمی

   

سابق حکومت کے کابینی اجلاسوں کی تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت
حیدرآباد : 17 جون (سیاست نیوز) کالیشورم کمیشن کے صدرنشین جسٹس پی سی گھوش نے تلنگانہ حکومت پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ کالیشورم پراجکٹ میں بے قاعدگیوں کی تحقیقات کرنے والے جسٹس پی سی گھوش نے تیسری مرتبہ حکومت کو مکتوب روانہ کیا جس میں سابق بی آر ایس دور حکومت میں کابینی اجلاس کی تفصیلات اور منٹس فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔ کمیشن نے اس بات پر برہمی کا اظہار کیا کہ دو مرتبہ اس سلسلہ میں مکتوب روانہ کرنے کے باوجود تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔ انجینئرس کی اوپن کورٹ میں سماعت کے موقع پر پہلی مرتبہ اور آئی اے ایس عہدیداروں کی جانچ کے موقع پر دوسری مرتبہ کمیشن نے حکومت کو مکتوب روانہ کیا تھا۔ بی آر ایس دور حکومت میں کابینی اجلاسوں کی رپورٹ پیش کرنے چیف سکریٹری کو ہدایت دی گئی لیکن تاحال کوئی جواب نہیں دیا گیا۔ حکومت کے رویہ پر کمیشن نے ناراضگی جتائی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ سابق حکومت کے کابینی اجلاسوں کی تفصیلات پیش کرنے کے مسئلہ پر کابینہ میں غور و خوص کے بعد کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔ کالیشورم پراجکٹ کے بارے میں کابینہ سے منظؔوری حاصل کرنے کا پتہ چلانے کے لیے کمیشن نے تفصیلات مانگی ہیں۔ سابق چیف منسٹر کے سی آر اور سابق وزیر ہریش رائو کے علاوہ اس وقت کے وزیر ایٹلہ راجندر نے کمیشن کو بتایا کہ کابینہ میں پراجکٹس کے متعلق منظوری حاصل کی گئی ہے۔ جسٹس پی سی گھوش کابینی اجلاس کی منظوریوں کی حقیقت جاننا چاہتے ہیں لہٰذا انہوں نے چیف سکریٹری کو تیسری مرتبہ مکتوب روانہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ حکومت نے جسٹس پی سی گھوش کمیشن کی میعاد میں توسیع کی ہے۔1