تلنگانہ حکومت کے اڈوائزرس کے تقرر کو ہائی کورٹ میں چیلنج

   

Ferty9 Clinic

مفاد عامہ کی درخواست ، چیف جسٹس نے سماعت سے اتفاق کرلیا
حیدرآباد ۔ 12۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے گزشتہ دو برسوں میں حکومت کی جانب سے 14 تا 16 اڈوائزرس (مشیران) کے تقرر کے خلاف بی آر ایس لیڈر ای سرینواس کی جانب سے داخل کی گئی مفاد عامہ کی درخواست کی سماعت سے اتفاق کیا ہے ۔ چیف جسٹس اپریش کمار سنگھ اور جسٹس جی ایم محی الدین نے ہائیکورٹ رجسٹری کے اعتراض کو خارج کرتے ہوئے ہدایت دی کہ پٹیشن کو 2017 میں دائر کی گئی اسی طرح کی درخواست سے جوڑ دیا جائے تاکہ دونوں کی ایک ساتھ سماعت ہو۔ 2017 میں اپوزیشن لیڈر کی حیثیت سے موجودہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے حکومت کے مشیران کے تقرر کے خلاف درخواست دائر کی تھی۔ ریونت ریڈی نے تلگودیشم تلنگانہ یونٹ کے ورکنگ پریسیڈنٹ کی حیثیت سے مشیران کو کابینی درجہ اور وزیر کے برابر مراعات دینے پر اعتراض جتایا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ کابینی درجہ اور مراعات کے سبب سرکاری خزانہ پر اضافی بوجھ پڑ رہا ہے ۔ بی آر ایس قائد ای سرینواس نے اپنی درخواست میں دستور کی دفعہ 164(1A) کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اڈوائزرس کے تقرر کی شکایت کی۔ انہوں نے کہا کہ دستور کے مطابق کابینہ کی تعداد اسمبلی کے مجموعی ارکان کی تعداد سے 15 فیصد ہونی چاہئے ۔ ہائی کورٹ رجسٹری نے اس بات پر اعتراض جتایا کہ 2017 سے اسی طرح کی درخواست زیر التواء ہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے دلیل پیش کی کہ سابق درخواست کی عدم سماعت کا مطلب یہ نہیں کہ نئی درخواست کو قبول نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس سے انحراف کرتے ہوئے کانگریس میں شمولیت اختیار کرنے والے رکن اسمبلی کو کابینی درجہ کے ساتھ اڈوائزر مقرر کیا گیا جو عوامی فنڈ سے تنخواہ حاصل کر رہے ہیں ۔ چیف جسٹس نے دونوں درخواستوں کو یکجا کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ جلد ہی اس معاملہ کی سماعت کریں گے۔ رجسٹری کو اندرون دو یوم درخواستیں سماعت کیلئے پیش کرنے کی ہدایت دی گئی۔ بی آر ایس لیڈر نے جن اڈوائزرس کے تقرر اور کابینی درجہ کو چیلنج کیا ہے ، ان میں وی نریندر ریڈی ، محمد علی شبیر ، ایچ وینو گوپال راؤ ، کے کیشو راؤ ، پوچارم سرینواس ریڈی ، اے پی جتیندر ریڈی ، پی سدرشن ریڈی ، آدتیہ ناتھ داس آئی اے ایس ، این وی ایس ریڈی ، کے پونیتا ریڈی ، کے سرینواس راجو ، پرسنا کمار ، ملو روی کے علاوہ پریم ساگر راؤ صدرنشین سیول سپلائیز کارپوریشن اور ڈاکٹر جی چنا ریڈی نائب صدرنشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ شامل ہیں۔1