ماویسٹ شہیدوں کی یاد میں تقاریب کی اطلاعات ، ملگ اور دیگر مقامات پر پوسٹرس منظر عام پر
حیدرآباد۔26 ۔جولائی (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کی سرحدوں پر پولیس نے غیر معمولی چوکسی اختیار کرلی ہے۔ ماؤسٹ پارٹی کی جانب سے شہیدوں کی یاد میں تقاریب منانے کا اعلان کیا ہے۔ 28 جولائی تا 3 اگست منائے جانے والی اس تقریب کے سلسلہ میں پولیس نے چوکسی بڑھادی ہے ۔ ریاست تلنگانہ اور چھتیس گڑھ کی سرحدوں پر پولیس کی تلاشی مہم میں شدت پیدا کردی گئی ہے اور اس کے علاوہ ماؤسٹوں کا گڑھ مانے جانے والے ان علاقوں میں غیر معمولی احتیاط سے کام لیا جارہا ہے اور جن اضلاع میں ماؤسٹوں نے اپنا وجود ثابت کیا اور اثر رکھتے ہیں ان علاقوں میں گشت بڑھادی گئی ۔ چھتیس گڑھ ریاست سے امکانی نقل و حرکت کو دیکھتے ہوئے اس طرح کے صیانتی انتظامات کئے جارہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق گوداوری ندی اور پراناہتا ندی کے اطراف جنگلاتی علاقوں میں اپنی گرفت مضبوط کرنے کے اقدامات جاری ہیں۔ پولیس ندی کے اطراف بھی صیانتی انتظامات کر رہے ہیں تاکہ ندی کے ذریعہ پانی اور جنگلاتی راستہ سے ماؤسٹوں کی آمد پر نظر رکھتے ہوئے قابو پایا جاسکے جبکہ عادل آباد، آصف آباد ، منچریال ، بھوپال پلی ، ملگ، بھدرادی، کھمم اضلاع کی پولیس کو چوکس کردیا گیا ہے ۔ ان علاقوں میں عام تلاشی کے ساتھ ساتھ جنگلات میں کومبنگ بھی کی جا رہی ہے ۔ اس کے علاوہ گوداوری اور پرانہتا ندی میں پانی کے بہاؤ کو دیکھتے ہوئے پانی کے ذریعہ ماؤسٹ ریاست میں داخلہ کی کوشش کرسکتے ہیںاور پولیس ماؤسٹوں کی اس کوشش کو ناکام بنانے کے بھی اقدامات کر رہی ہے ۔ اس دوران ملگ میں ماؤسٹوں کے پوسٹرس سے سنسنی پیدا ہوگئی ۔ پولیس کی سیکوریٹی ایجنسیاں پوسٹرس کے بعد فوری حرکت میں آگئی ۔ ضلع ملگ کے وینکٹا پورم منڈل کے وجئے پوری کالونی میں اتوار کے دن ماؤسٹوں کے پوسٹرس منظر عام پر آئے ۔ 28 جولائی تا 3 اگست شہیدوں کی یاد میں منائی جارہی تقاریب کو کامیاب بنانے کی اپیل کی گئی اور ساتھ ہی ہر گاؤں اور دیہات میں اس تقریب کو منعقد کرتے ہوئے شہیدوں کو خراج پیش کرنے کے علاوہ ان کے مشن کو آگے بڑھانے اور عالمی سوشلسٹ انقلابی نظام زندہ آباد کے نعرے درج کئے گئے ۔
