’ تلنگانہ سونا ‘ چاول کو مقبول عام بنانے حکمت عملی

   

دیسی فصلوں کی مارکیٹنگ اور برانڈنگ شروع کرنے ریاستی حکومت کا منصوبہ
حیدرآباد :۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے دیسی چاول کی قسم ’ تلنگانہ سونا ‘ کو مقبول عام بنانے اور ریاست کی دیگر فصلوں جیسے تندور دال ، پالامور پھلی ( مونگ پھلی ) اور تلنگانہ کاٹن (کپاس ) کو بھی مقبول بنانے کے لیے حکمت عملی اقدامات کئے جائیں گے ۔ حکومت ان فصلوں کی برانڈنگ اور مارکیٹنگ قومی اور بین الاقوامی سطح پر کرنے میں سنجیدہ ہے ۔ وزیر زراعت ایس نرنجن ریڈی نے منگل کو ایک رپورٹ ’ مارکیٹنگ اسٹریٹیجی فار تلنگانہ سونا رائس ‘ جاری کی یہ رپورٹ انڈین اسکول آف بزنس ، پروفیسر جئے شنکر تلنگانہ اسٹیٹ اگریکلچرل یونیورسٹی اور محکمہ زراعت کی جانب سے کی گئی ایک مشترکہ اسٹیڈی پر مبنی ہے ۔ حکومت کو پیش کی گئی اس رپورٹ میں تلنگانہ سونا چاول کو روزانہ استعمال کے لیے چاول کی دیگر اقسام کے مقابل ایک صحت بخش اور مزیدار متبادل کے طور پر نمایاں کرنے کا بھی مشورہ دیا گیا ۔ تلنگانہ سونا چاول کے بارے میں بیداری پیدا کرنے ایک مارکیٹنگ اینڈ برانڈنگ پلان بنانے کے لیے یہ اسٹیڈی کی گئی ۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ تلنگانہ سونا چاول کے بارے میں بیداری دیگر مشہور برانڈس کے مقابل بہت کم ہے حالانکہ اس کے فوائد چاول کے دیگر برانڈس سے بہت زیادہ ہیں ۔ نرنجن ریڈی نے اس بات کی ضرورت پر زور دیا کہ مانگ اور سپلائی دونوں سے ان میں درکار توازن پیدا کرتے ہوئے بہتر انداز میں نمٹا جائے اور اس کے لیے مناسب برانڈنگ اینڈ مارکیٹنگ اسٹریٹیجی کو اختیار کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ دیگر دیسی فصلوں جیسے تندور دال ، مونگ پھلی اور تلنگانہ کاٹن کے برانڈنگ اور مارکیٹنگ کے لیے اس طرح کی مزید اسٹیڈیز کی جارہی ہیں ۔ سکریٹری محکمہ زراعت بی جناردھن ریڈی نے کہا کہ ریاستی حکومت ، پی جئے شنکر تلنگانہ اسٹیٹ اگریکلچر یونیورسٹی اور انڈین اسکول آف بزنس کا ان پراڈکٹس کی مارکیٹنگ کے لیے یہ اشتراک اپنی نوعیت کا پہلا اشتراک ہے ۔ انہوں نے تلنگانہ کی فصلوں کو عوام میں مشہور کرنے اور انہیں مقبول بنانے کیلئے ایک موثر مارکیٹنگ حکمت عملی کی ضرورت پر زور دیا ۔۔