تلنگانہ سے تلگودیشم کا صفایا کرنے کسی میں ’’دَم‘‘ نہیں

   

Ferty9 Clinic

ریاست میں پارٹی عنقریب دوبارہ اُبھرے گی، آر چندرشیکھر ریڈی کا خطاب
حیدرآباد 9 اپریل (سیاست نیوز) قومی تلگودیشم پارٹی کے رکن پولیٹ بیورو و سابق رکن پارلیمان آر چندرشیکھر ریڈی نے کہاکہ انتہائی مستحکم موقف کی حامل و طاقتور بنیادوں پر تشکیل پانے والی تلگودیشم پارٹی کا ریاست تلنگانہ سے مکمل صفایا کرنے کا ہرگز کسی میں دَم اور ہمت نہیں ہے۔ لیکن یہ بات صحیح ہے کہ بعض قائدین ٹی آر ایس کی پُرکشش ترغیبات اور پیشکشوں کے پیش نظر اپنے سیاسی مفادات کے حصول کے لئے تلگودیشم پارٹی سے مستعفی ہوکر ٹی آر ایس میں شامل ہورہے ہیں۔ تاہم ان قائدین کے چلے جانے سے تلگودیشم پارٹی ریاست تلنگانہ میں ہرگز ختم نہیں ہوگی بلکہ ایک دن ایسا بھی آئے گا کہ تلگودیشم پارٹی سے دوری اختیار کئے ہوئے تمام قائدین دوبارہ پارٹی میں شمولیت کے لئے ایک دوسرے پر سبقت لیجانے کی کوشش کریں گے۔ گریٹر حیدرآباد سٹی تلگودیشم پارٹی آفس (واقع نزد اندرا پارک) میں پارٹی قائدین کے ساتھ منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آر چندراشیکھر ریڈی نے پرزور الفاظ میں ٹی آر ایس کو ہدف ملامت بنایا اور کہاکہ تلگودیشم پارٹی کے چند قائدین پارٹی سے مستعفی ہونے کے ساتھ ہی تلنگانہ راشٹرا سمیتی کا یہ کہنا کہ تلنگانہ بالخصوص گریٹر حیدرآباد سے تلگودیشم کا مکمل صفایا ہوگیا، انتہائی نامناسب بات ہوگی۔ اس اجلاس میں قومی جنرل سکریٹری تلگودیشم پارٹی ای پیدی ریڈی، قومی ترجمان تلگودیشم اروند کمار گوڑ و قائدین شریک تھے۔ چندرشیکھر ریڈی نے پارٹی قائدین پر زور دیا کہ وقتیہ طور پر تلگودیشم پارٹی کا موقف کمزور دکھائی دے گا لیکن بہت جلد ایک انتہائی طاقتور پارٹی کے طور پر ریاست تلنگانہ میں تلگودیشم پارٹی دوبارہ اُبھرے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ انتخابات کے فوری بعد نچلی سطح یعنی دیہی سطح تا ریاستی سطح تک تلگودیشم پارٹی کو ایک جامع منصوبہ بندی کے ساتھ مستحکم و طاقتور پارٹی بنائے جائے گی۔