حیدرآباد 14اکتوبر(یواین آئی) حیدرآباد کے محکمہ موسمیات نے اعلان کیا کہ آج ریاست سے جنوب مغربی مانسون کی واپسی شروع ہوگئی ہے ۔ اس میں کہا گیا ہے کہ جنوب مغربی مانسون صبح کے وقت شمالی تلنگانہ کے نظام آباد تک واپس چلا گیا ہے ۔ اس میں کہا گیا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں تلنگانہ کے بعض دیگر علاقوں سے جنوب مغربی مانسون کی واپسی کے لئے موسم سازگار ہے ۔ اس میں کہا گیا ہے کہ ساحلی آندھرا خطہ میں اوسط سطح سمندر سے 0.9 کلومیٹر کی اونچائی پر سطح کی گردش بنی ہے ۔ اس میں کہا گیا ہے کہ تین دن تک ریاست میں 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوگی۔محکمہ موسمیات کے مطابق کل متحدہ ورنگل، نلگنڈہ، کھمم، حیدرآباد، رنگاریڈی، محبوب نگر اور کریم نگر، پداپلی اور سدی پیٹ اضلاع میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی سے اوسط بارش ہوسکتی۔شہر اور اضلاع میں گزشتہ چند روز سے رات کے درجہ حرارت میں کمی محسوس کی جارہی ہے ۔ مانسون کی واپسی کے ساتھ موسم سرما نے اپنے آغاز کی دستک دے دی ہے۔