حیدرآباد۔/7 جون، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کے عازمین حج کی روانگی کا آج سے آغاز ہوگیا۔ پہلے دن 150 عازمین پر مشتمل قافلہ کی روانگی عمل میں آئی۔ قافلوں کی روانگی کا سلسلہ 22 جون تک جاری رہے گا۔ کل 8 جون سے روزانہ 3 قافلوں کی روانگی عمل میں آئے گی اور روزانہ 150 عازمین کے ساتھ وستارہ ایر لائنز کی 3 پروازیں حیدرآباد سے براہ مسقط جدہ روانہ ہوں گی۔ کل 8 جون کو پہلا قافلہ صبح 4:45 بجے پرواز کرے گا جبکہ دوسرا قافلہ صبح 10:15 بجے اور تیسرا قافلہ شام 4:15 بجے روانہ ہوگا۔ جملہ 46 فلائیٹس کے ذریعہ تلنگانہ کی عازمین کی روانگی مکمل ہوگی۔ تلنگانہ کے علاوہ کرناٹک اور آندھرا پردیش کے بعض عازمین حیدرآباد سے روانہ ہوں گے۔ عازمین سے اپیل کی گئی ہیکہ وہ لمحہ آخر میں شیڈول میں تبدیلی کی مساعی نہ کریں۔ حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے فلائیٹس کا شیڈول ترتیب دیا گیا ہے۔ شیڈول کی تبدیلی کی صورت میں مکہ مکرمہ میں قیام کے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔ر
انہوں نے کہا کہ لمحہ آخر میں سفر ملتوی کرنے کی درخواستیں قابل قبول نہیں ہوں گی۔ عازمین اس بات کی خواہش کررہے ہیں کہ ان کے کور نمبر کو دیگر رشتہ داروں کے ساتھ یکجا کیا جائے۔ ایسی کوششوں سے سعودی عرب میں مسائل پیدا ہوں گے۔ عازمین سے خواہش کی گئی کہ وہ شیڈول کے مطابق روانگی کو ترجیح دیں۔ اسی دوران وستارہ ایرلائنز کی پرواز تقریباً نصف گھنٹہ مسقط میں ری فیولنگ کیلئے توقف کرے گی اور مجموعی اُڑان تقریباً سات تا آٹھ گھنٹے کی ہوسکتی ہے۔ عازمین حج کو تقریباً آٹھ گھنٹے قبل حج کیمپ میں احرام میں تیار ہونا ہے اور اس وقت سے مکہ مکرمہ پہنچنے تک تقریباً 20 گھنٹے احرام میں گذارنے ہوں گے۔ پرواز سے 4 گھنٹے قبل ایر پورٹ رپورٹنگ، 8 گھنٹے کا سفر، جدہ سے مکہ مکرمہ میں معلم کے آفس پر توقف اور عزیزیہ میں رہائشی بلڈنگ تک پہنچنے میں جملہ 20 گھنٹے ہوجائیں گے۔ اس صبر آزما مرحلہ میں عازمین حج کو غیر معمولی تحمل سے کام لینا ہوگا۔ر