تلنگانہ عوام بارش سے پریشان، چیف منسٹر دہلی میں سیاسی ایجنڈہ کے ساتھ

   

حیدرآباد کے عوام کے تحفظ کی ضرورت ، کانگریس قائد ونود ریڈی کا بیان
حیدرآباد۔/7 ستمبر، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے الزام عائد کیا کہ ایک ایسے وقت جبکہ تلنگانہ ریاست بالخصوص حیدرآباد شدید بارش کی زد میں ہے عوام مشکلات کا شکار ہیں چیف منسٹر کے سی آر سیاسی ایجنڈہ کے ساتھ نئی دہلی میں مقیم ہیں۔ پردیش کانگریس کے جنرل سکریٹری ایم آر جی ونود ریڈی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے 20 اضلاع بارش سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں اور محکمہ موسمیات نے مزید چند دنوں تک موسلا دھار بارش کی پیش قیاسی کی ہے جس کے نتیجہ میں سیلاب کی صورتحال کا اندیشہ ہے۔ ایسے وقت چیف منسٹر کو چاہیئے تھا کہ وہ حیدرآباد میں موجود رہتے ہوئے راحت اور بچاؤ کاموں کی نگرانی کرتے۔ برخلاف اس کے اپنے سیاسی مفادات کی تکمیل کیلئے دہلی میں بی جے پی قائدین سے ملاقاتیں کررہے ہیں۔ ونود ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر نے بارش کی صورتحال پر چیف سکریٹری کے ساتھ جو جائزہ لیا وہ محض دکھاوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد پھر ایک مرتبہ شدید بارش کے نتیجہ میں سیلاب کی زد میں آسکتا ہے لیکن چیف منسٹر کو دارالحکومت کے عوام کی کوئی فکر نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف لوگ بارش سے پریشان ہیں تو دوسری طرف کے ٹی راما راؤ نے حیدرآباد میں ٹی آر ایس اجلاس میں شرکت کی اور اپوزیشن کو نشانہ بنایا۔ گزشتہ سال حیدرآباد میں سیلاب کے سبب جو تباہی ہوئی تھی اس کے متاثرین ابھی تک امداد سے محروم ہیں۔ ونود ریڈی نے کہا کہ گزشتہ سال کی تباہی کے باوجود جاریہ سال حکومت کی جانب سے احتیاطی تدابیر کیوں اختیار نہیں کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیئے کہ فوری متاثرہ علاقوں کیلئے امدادی پیاکیج کا اعلان کرے۔R